جہلم(چوہدری عابد محمود +مرزاکفیل بیگ کیفی)جہلم بھارت کورونا وائرس کو مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلانے اور لوگوں کو تقسیم کرنے کے لیے استعمال کررہاہے۔ بھارت میں کورونا کی آڑ میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیزی پھیلانے اور امتیازی سلوک برتنے پر شدیدانداز میں تنقید کرتے ہوئے مرکزی جماعت اہلسنت کے ضلعی امیر سید خلیل حسین کاظمی نے اخبارنویسوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی میڈیا مسلمانوں کو بھارت میں کورونا وائرس کے پھیلاوکا ذمہ دارقرار دے کر نفرت پھیلانے کا کردار ادا کر رہا ہے۔اوروائرس کو بنیاد بنا کر مسلمانوں کی نسل کشی کی جارہی ہے جس کی مثال گزشتہ ہفتے محبوب علی کو ہندو انتہا پسند وں کے ایک گروہ نے بے رحمی سے لاٹھیوں اور جوتوں سے مارمار کر شہید کر دیا،جبکہ پوری دنیاء کے انسانوں کو معلوم ہے کہ اس وقت پوری دنیا مشترکہ دشمن (کورونا وائرس) کے خلاف لڑنے کے لیے متحد ہے اس وقت ہمارا پڑوسی ملک ہندوستان اس وبائی بیماری کو نفرت پھیلانے اور ہندو مسلم کو تقسیم کرنے کے لیے الیکٹرانک میڈیا کا استعمال کررہا ہے جو کہ انتہائی گھٹیا عمل ہے۔ بھارتی میڈیا لوگوں کے ساتھ امتیازی سلوک برتنے میں مصروف ہے جو کہ ایک شرمناک عمل ہے۔واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وبا کو استعمال کرتے ہوئے ہندوستان میں ”کورونا جہاد“ کے نام سے یہ افواہ سازی کی جارہی ہے کہ مسلمان خاص طور پر تبلیغی جماعتوں کے لوگ دانستہ اور نادانستہ طور پر سارے ہندوستان میں کورونا وائرس پھیلانے میں ملوث ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دنیاء کے حکمرانوں کو بھارت میں مسلمانوں کی نسل کشی کرنے والے ہندوؤں اور بھارتی وزیراعظم سے لا تعلقی اختیار کریں اور اس اہم مسئلے کو اقوام متحدہ سمیت قومی سلامتی کونسل میں اٹھایا جائے تاکہ ہندوستان میں جاری مسلم کش فعل کو روکا جا سکے اور بھارت میں مسلمانوں کی زندگیاں محفوظ رہ سکیں۔
