ساہیوال آصف ندیم… ڈویژنل ڈیویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے ساہیوال ڈویژن کی دو ترقیاتی سکیموں کے نظر ثانی منصوبوں کی منظوری دے دی ہے جن پر اخراجات کا کل تخمینہ 30 کروڑ 80 لاکھ روپے لگایا گیا ہے ۔ان منصوبوں میں 11 کروڑ 62 لاکھ روپے سے ساہیوال شہر میں کمپری ہنسو سکول چوک سے اڈا مائی والی مسجد تک 5.72 کلو میٹر حصے کی تعمیر اور ترکھنی روڈ عارفوالا کے 13 کلو میٹر حصے کی تعمیر شامل ہیں جس پر 19 کروڑ 33 لاکھ روپے خرچ ہوں گے ۔منصوبوں کی تعمیر کی منظوری کیلئے خصوصی اجلاس کمشنر ساہیوال ڈویژن محمد احسن وحید کی صدارت میں کمشنر آفس میں منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید ،ڈپٹی کمشنر پاکپتن احمد کمال مان ،ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ حافظ انیس الرحمٰن ،ایس ای ڈویلپمنٹ ایریگیشن خالد بشیر ،ایس ای ہائی وے سہیل اکرم ،ایس ای بلڈنگ محمد اکمل بلوچ اور ایس ای پبلک ہیلتھ فاروق احمد کے علاوہ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اکرم شاد اور ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل عمران خان نے بھی شرکت کی ۔کمشنر محمد احسن وحید نے محکمہ ہائی وے پر زور دیا کہ دونوں منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے تا کہ عوام کو بہتر سفری سہولیات مہیا ہو سکیں ۔ایس ای ہائی وے سہیل اکرم نے بتایا کہ دونوں منصوبوں کے پہلے مرحلے میں بالترتیب 2.62 کلومیٹر اور 5.75 کلومیٹر منصوبہ مکمل ہو چکا ہے جبکہ دوسرے مرحلے پر کام بھی جلد شروع ہو جائے گا ۔
