ساہیوال (آصف ندیم ) یونیورسٹی آف ساہیوال کے گرلز ہاسٹل میں بھی ایک اور قرنطینہ سنٹر بنانے کا فیصلہ ،ساہیوال میڈیکل کالج کے پرنسپل کا عملے کے ہمراہ ہاسٹل کا دورہ ،انتظامات کا جائزہ لیا ۔ایڈیشنل رجسٹرار نے دستیاب سہولتوں کے بارے میں بریفنگ دی ۔تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر گورنمنٹ کالج کے بوائز ہاسٹل کے بعد یونیورسٹی آف ساہیوال کے گرلز ہاسٹل کو بھی قرنطینہ سنٹر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کیلئے ساہیوال میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر زاہد کمال صدیقی نے ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر عبدالوحید اور ڈاکٹر محمد وسیم کے ہمراہ ہاسٹل کا دورہ کیا ۔یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر افضل اور ایڈیشنل رجسٹرار سید اصغر علی شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔انہوں نے موجود سہولیات کا جائزہ لیا اور یونیورسٹی کے جذبہ خیر سگالی کو سراہا ۔ ایڈیشنل رجسٹرار سید اصغر علی شاہ نے ہاسٹل میں کمروں کی تعداد اور دستیاب سہولتوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی
