جیکب آباد(نامہ نگار) جیکب آباد کی تحصیل ٹھل میں 9 ماہ قبل قتل ہونے والے دو افراد کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف ورثہ اور شہریوں کا مظاہرہ اور دھرنا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کے اے سیکشن تھانہ کی حدود بائی پاس کے مقام پر 9 ماہ قبل بجلی کی تار لگانے کے معاملے میں گھنیو اور نوناری برادری کے درمیان ہونے والے تصادم کے نتیجے میں قتل ہونے والے ڈاکٹر احمد نوناری اور سعید احمد بھٹی کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف ورثہ اور شہریوں کی جانب سے احتجاجی جلوس نکالا گیا مظاہرین نے جلوس نکال کر ٹھل پریس کلب کے سامنے دھرنا دیا، اس موقع پر مظاہرین نے کہا کہ 9 ماہ قبل قتل ہونے والے ڈاکٹر احمد نوناری اور سعید احمد بھٹی کے قتل میں ملوث قاتلوں کو پولیس تاحال گرفتار نہیں کرسکی ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو گرفتار کرکے سخت سزا دی جائے۔
