جہلم(چوہدری عابد محمود +عمیراحمدراجہ)جہلم پٹرول کی قیمتوں میں واضح کمی کے باوجود اشیاء خوردونوش سمیت سبزیوں و پھل فروٹ کی قیمتوں میں کمی نہ ہوسکی، دکانداروں نے حکومتی احکامات ہوا میں اڑا دیئے۔ شہری سراپا احتجاج، ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی کے باوجود شہر سمیت ضلع بھر میں کھانے پینے کی اشیاء سبزی پھلوں سمیت دیگر اشیاء خوردونوش کی قیمتیں کم نہ ہوسکیں۔ مرغی کا گوشت 2 سو50 روپے فی کلو، چھوٹے بڑے گوشت کے نرخ بھی آسمانوں کو چھونے لگے،سبزیوں کی قیمتوں میں مقررہ نرخوں سے 50 فیصد اضافی وصول کئے جارہے ہیں۔ حکومت کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے پر جہاں صارفین نے سکھ کا سانس لیا تو دوسری جانب دکانداروں نے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کرکے شہریوں کی کھال ادھیڑنی شروع کر رکھی ہے۔جس کیوجہ سے عام آدمی کی پریشانی میں کمی کی بجائے اضافہ ہوگیا ہے۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اشیاء خوردونوش کی چیکنگ کرنے کی بجائے ٹھنڈے دفتروں میں بیٹھ کر مزے لوٹنے میں مصروف ہیں۔ جبکہ شہریوں کو دکانداروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، صارفین نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیاہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو روزانہ کی بنیاد پر دکانوں کو چیک کرنے کا پابند بنایا جائے گرانفروشی کے مرتکب دکانداروں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کروائے جائیں تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم ہو سکے۔
