علاقہ بھر کے لیے تعلیم دین اور اصلاح معاشرہ میں یہ مسجد مینارئہ نور ثابت ہوگی۔ حافظ عبدالحمید عامر
جہلم (محمد زاہد خورشید) جامع مسجد محمدی اہل حدیث پنڈدادنخان شہر میں افتتاحی خطبہ جمعۃ المبارک 17 نومبرکو جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم حافظ عبدالحمید عامر نائب امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان ارشاد فرمائیں گے جس کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اشتہارات اور دیگر ذرائع سے گرد و ونواح میں بھرپور طریقے سے اطلاع دی جا چکی ہے۔ لوگوں کے جذبات اور انتظامیہ کی تیاریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ توقع کی جارہی ہے کہ افتتاحی خطبہ میں عوام الناس کی ایک کثیر تعداد شرکت کرے گی۔ قافلوں کی صورت میں لوگ اس روحانی اور مبارک اجتماع میں شرکت کریں گے۔ حافظ عبدالحمید عامر نے اس مسجد کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ علاقہ بھر کے لیے تعلیم دین اور اصلاح معاشرہ میں یہ مسجد مینارئہ نور ثابت ہوگی۔ پنڈ دادنخان میں ایسے مرکز کی اشد ضرورت تھی ، جس کا اظہار گردو نواح سے آنے والے لوگ گاہے بگاہے مجھ سے کرتے رہتے تھے اور آج مجھے اس بات کی بے حد خوشی ہے اور اس موقع پر میں اللہ تعالیٰ کا بے حد شکر گزار ہوں کہ جس فضل و کرم سے ہم اس مسجد کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔