
5جولائی 2020
ساہیوال آصف ندیم…کمشنر ساہیوال ڈویژن محمد احسن وحید نے کہا ہے کہ مون سون بارشوں کے دوران شہر سے پانی کی فوری نکاسی کے تمام انتظامات مکمل ہیں اور کارپوریشن کا عملہ نکاسی آب کم سے کم وقت میں ممکن بنائے گا۔ عملے کو پیٹر انجن سمیت تمام ضروری سامان بھی فراہم کرنے کے ساتھ ان کا ڈیوٹی روسٹر بھی جاری کر دیا گیا ھے۔ انہوں نے یہ بات بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں سے پانی کی نکاسی کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔ چیف میٹروپولیٹن آفیسر زبیر حسین اور متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے ھائی سٹریٹ، جوگی چوک، دیپال پور بازار، پاکپتن بازار،گھاس منڈی، سٹی صدر روڈ، ریلوے روڈ اور جی ٹی روڈ کا تفصیلی دورہ کیا اور گزشتہ رات ہونے والی بارش کے پانی کی نکاسی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ وہ عوام کی طرف سے موصول ہونے والی شکایات پر بھی فوری کارروائی کریں تاکہ مکینوں کی مشکلات جلد دور ہوں ۔ شہر کے دورے کے دوران کمشنر محمد احسن وحید نے لوگوں سے بھی بات چیت کی اور ان سے میٹروپولیٹن کارپوریشن کی کارکردگی بارے آگاہی حاصل کی۔ انہوں نے چند افراد کو بغیر ماسک پہنے دیکھ کر انہیں کورونا وائرس سے بچاؤ کے ضابطہ اخلاق خصوصا ماسک پہننے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس جان لیوا وائرس سے بچاؤ کا واحد ذریعہ احتیاط ہے جس میں ماسک پہننا اور سماجی روابط میں فاصلہ رکھنے کی کلیدی اہمیت ھے۔ دورے کے دوران شہریوں نے کمشنر محمد احسن وحید کو اپنے درمیان دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا اور بارش کے پانی کی نکاسی اور شہر کی صفائی کے عمومی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔