ساہیوال(چوہدری آصف ندیم آرائیں ڈویزنل بیورو چیف ) ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر طاہر جاوید نے کہا ہے کہ کپاس ایک انتہائی اہم نقدآور فصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو جدید پیداواری ٹیکنالوجی پر عمل کرتے ہوئے بھرپور پیداوار کے حصول کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ ملکی معیشت مضبوط ہوسکے۔ وہ یہاں ضلع کونسل ہال میں کپاس کی اگیتی کاشت کے حوالے سے نمبرداران کنونشن سے خطاب کررہے تھے جس میں محکمہ زراعت کے افسران، نمبرداران، کاشتکاروں، علاقہ معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ اگیتی کاشتہ کپاس کم خرچ میں زیادہ پیداوار اور بھرپور منافع دیتی ہے۔ اپنے خطاب میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد اسلم نے کہا کہ کاشتکار کپاس کی اگیتی کاشت کو فروغ دے کر ملکی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدلتے موسمی حالات میں کپاس کی جدید اقسام کی اگیتی کاشت سے نہ صرف پیداواری لاگت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے بلکہ بھرپور پیداوار کا حصول بھی ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگیتی کپاس کاشت کرنے والے زمینداروں کو حکومت پنجاب کی طرف سے بذریعہ کسان کارڈ سبسڈی بھی دی جائے گی۔ زراعت آفیسر احمد سعد نے شرکاء کو کپاس کی بھرپور پیداوار کے حصول کے لیے جدید پیداواری ٹیکنالوجی سے روشناس کرایا۔ کنونشن کے شرکاء میں محکمہ زراعت (توسیع) ساہیوال کی جانب سے جاری کردہ کپاس کا جدید پیداواری لٹریچر بھی تقسیم کیا گیا۔
