ساہیوال(چوہدری آصف ندیم آرائیں ڈویزنل بیورو چیف)چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت تجاوزات کے خلاف جاری مہم کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید اور ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا کہ پنجاب بھر میں تجاوزات کے خلاف مہم کامیابی سے جاری ہے اور عوام نے مہم کی بھرپور حمایت کی، ازخود تجاوزات ختم کررہے ہیں۔ انہوں نے ساہیوال ڈویژن میں بہترین کارکردگی پر کمشنر شعیب اقبال سید کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ کمشنرساہیوال نے ڈویژن میں تجاوزات کے خلاف جاری مہم کو خوش اسلوبی سے ہینڈل کیا۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کمشنر شعیب اقبال سید نے بتایا کہ ساہیوال ڈویژن میں اب تک229بازاروں میں سے216بازار کلیئر ہو چکے ہیں۔ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے بتایا کہ ضلع ساہیوال کے تمام شہروں کے74میں سے61بازارتجاوزات سے پاک کردیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ دیہاتوں میں بھی اپنی مدد آپ کے تحت تجاوزات گرائی جارہی ہیں۔
