ساہیوال ( چوہدری آصف ندیم آرائیں ڈویزنل بیورو چیف)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ ساہیوال میں ایگرو انڈسٹری کے قیام کی بہت گنجائش موجود ہے اور مقامی صنعت کاروں کو چاہیے کہ وہ حکومت کی بزنس فرینڈلی پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں اور زیادہ سے زیادہ صنعتیں لگائیں۔ انڈسٹری کے قیام سے ہی ملک ترقی کرے گا اور بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا جس کے لئے اجتماعی کوششیں کی جانی چاہیں۔ وہ یہاں ہاکی گراؤنڈ میں تین روزہ صنعتی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے جس میں کینیا کے سفیر پیٹرموگوبو نیرو، ڈپٹی کمشنر شاہد محمود، صدر ساہیوال چیمبر شیخ عظمت سلیم، سینئر نائب صدر چوہدری ناصر حمید، نائب صدر شیخ شکیل احمد، سابق صدور چیمبر رانا وسیم اختر، چوہدری ارشد حسین، شیخ محمد فیصل، چوہدری راشد حمید اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران شیخ محمد آصف، چوہدری محمد اجمل، رشید احمد ثاقب، مہر ثاقب رسول، عمران رئیس اور چوہدری سہیل سلیم سمیت مقامی صنعت کاروں اور شہریوں کی بڑی تعدد نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے صنعتی نمائش کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا اور توقع ظاہر کی کہ مقامی صنعت کاروں کو اس نمائش سے اپنی پراڈکٹس کو مزید بہتر بنانے میں بڑی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال ڈویژن آلو، مکئی، چاول اور گندم کی پیداوار میں ملک میں نمایاں حیثیت رکھتا ہے اس لئے یہاں ایگرو بیسڈ انڈسٹری کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے صدر ساہیوال چیمبر شیخ عظمت سلیم کے مطالبے پر نئی انڈسٹریل سٹیٹ کے قیام کے لئے جگہ فراہم کرنے کا وعدہ کیا اور کہا کہ صنعت کاروں کو عوامی فلاح و بہبود اور شہر کی ترقی کے منصوبوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔ انہوں نے ”میڈ ان ساہیوال“ ڈائریکٹری بنانے کی بھی ہدایت کی تاکہ یہاں بنائی گئی مصنوعات کی بہترین مارکیٹنگ ہو سکے۔ نمائش میں 138سٹال لگائے گئے ہیں جن میں لیدر پراڈکٹس،فوڈ انڈسٹری، رئیل اسٹیٹ، ڈیری مصنوعات اور برانڈڈ کپڑوں کے سٹال نمایاں ہیں۔
