جہلم ( محمد الیاس کھوکھر ) کامرس کالج جہلم کے پرنسپل طارق عزیز کی ریٹائرمنٹ پر فیئرویل پارٹی کا انعقاد ، سابق اور موجودہ ڈی ڈی سی کی خصوصی شرکت ، بطور پرنسپل ادارہ کو گریجویٹ کالج کا درجہ دلوانا اور ہائیسٹ اچوور ایوارڈ اِن کی سب سے بڑی کامیابی ہے ، مقررین ، تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ گریجویٹ کالج آف کامرس بلال ٹاؤن جہلم کے پرنسپل طارق عزیز جو کہ 28 فروری 2025 کو ریٹائر ہو رہے ہیں اُن کے کالج سٹاف نے انھیں ایک شاندار الوداعی پارٹی دی جس میں سابق ڈی ڈی سی ڈاکٹر حبیب الرحمٰن ، موجودہ ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز جہلم پروفیسر حماد رضا اور طارق عزیز کے سیشن فیلوز نے خصوصی شرکت کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بطور پرنسپل طارق عزیز کامرس کالج برائے خواتین کے ضم ہونے کے بعد دونوں کالجز کو احسن طریقے سے چلاتے رہے ۔ کالج کی خوبصورتی کو چار چاند لگ گئے ۔ ان کی قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت ادارہ کو گریجویٹ کالج کا درجہ ملا اور بی ایس کامرس کی کلاسز کا اجراء ہوا ۔ پرنسپل طارق عزیز کی سب سے بڑی کامیابی کامرس کالج جہلم کو راولپنڈی ڈویژن میں سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کی طرف سے ہائیسٹ اچیور سرٹیفیکیٹ اور شیلڈ ملنا ہے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل طارق عزیز نے اپنے تمام مہمانوں اور سیشن فیلوز کا شرکت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جب میں پرنسپل بنا تو میں چاہتا تھا کہ اپنے کالج کے لئے کچھ کروں اور جو میں کر سکتا تھا وہ میں نے اپنے تمام ساتھیوں کی مدد سے کیا ۔ انھوں نے کہا کہ میں اس حوالے سے اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ اللہ پاک نے مجھے انتہائی محنتی اور قابل ساتھیوں سے نوازا ۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز جہلم پروفیسر حماد رضا نے کہا کہ ہمیشہ یہ دیکھنے میں آیا ہے کہ ہر آنے والا پرنسپل پچھلے سے بہتر کام کرتا ہے لیکن مجھے نہیں لگتا کہ اب کوئی بھی آنے والا پرنسپل طارق عزیز سے بہتر کام کر سکے گا ۔ تقریب سے سابق ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر حبیب الرحمٰن ، پروفیسر اصلاح الدین ، پروفیسر امجد علی منہاس ، اشتیاق احمد پال ، سید شکیل حسین شاہ ، ریڈیو پاکستان کے نیوز کاسٹر عامر ہاشمی اور میڈم تہمینہ علی شاہ نے خطاب کیا ۔
