پاکپتن ( چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویزنل بیورو چیف) گورنمنٹ پرائمری اسکول غوث نگر(PEF) کے طلبا پر زیر تعمیر مکان کی دیوار گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں سات بچے زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق اسکول کے ہیڈ ماسٹر کا مکان زیر تعمیر تھا، اور وہ مبینہ طور پر بچوں سے اپنے مکان پر کام کروا رہا تھا۔ اسی دوران اچانک سات بچوں پردیوار گر گئی، جس سے کئی بچے ملبے تلے دب گئے۔
ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں انجام دیں اور زخمی بچوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال عارف والا منتقل کر دیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر پاکپتن ماریہ طارق نے سخت ایکشن لیا اور سی ای او ایجوکیشن کو متعلقہ استاد کی فوری معطلی و گرفتاری کے احکامات جاری کر دیے۔ اس کے ساتھ ساتھ، سی ای او ہیلتھ کو زخمی بچوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔
ڈی سی پاکپتن نے ٹی ایچ کیو اسپتال عارف والا کا دورہ کیا اور زخمی بچوں کی عیادت کی۔ انہوں نے والدین کو یقین دلایا کہ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور بچوں کی مکمل دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے گا۔
