ساہیوال(چوہدری آصف ندیم آرائیں ڈویزنل بیورو چیف )حکومت پنجاب کا کپاس کی اگیتی کاشت پر فوکس ہے اور ساہیوال ڈویژن میں کپاس کی اگیتی کاشت کا ایک لاکھ20ہزار ایکڑ پر کاشت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ضلع ساہیوال میں 76ہزار ایکڑ، ضلع اوکاڑہ میں 18ہزار ایکڑ جبکہ ضلع پاک پتن میں 26ہزار ایکڑ پر کپاس کاشت کی جائے گی۔ کپاس کی اگیتی کاشت شروع ہو چکی ہے اور محکمہ زراعت کی جانب سے اس سلسلہ میں بھرپور آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے۔ یہ بات ڈائریکٹر زراعت چوہدری شہباز اختر نے کمشنر آفس میں کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید کی زیر صدارت منعقدہ ڈویژنل کاٹن کراپ مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس میں بتائی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر صفدر حسین، اسسٹنٹ کمشنر ساہیوال رانا اورنگزیب سمیت محکمہ نہر، زراعت، کراپ رپورٹنگ، سیڈ کارپوریشن، کپاس کے کاشتکاروں، کھاد ڈیلرز کی بڑی تعداد موجود تھی جبکہ اوکاڑہ اور پاکپتن کے افسران نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ مقررہ ہدف کے حصول کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ رکھا جائے۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ ہمیں سب کو مل کر کسانوں کی رہنمائی کرنا ہے اور انکو درپیش مسائل حل کرنا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت سرکاری اراضی پر زیادہ سے زیادہ کپاس کاشت کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمے ایکدوسرے سے رابطہ میں رہیں اور ہدف کے حصول میں حائل تمام رکاوٹو ں کو فوری دور کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ زراعت زیادہ سے زیادہ آگاہی مہم چلائے فیلڈ سٹاف کسانوں کی رہنمائی کے لئے ہمہ وقت تیار رہے۔ اجلاس کے دوران کپاس کے کاشتکاروں کی جانب سے حکومت سے کپاس کا ریٹ جلد ازجلد مقرر کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
