ساہیوال(چوہدری آصف ندیم آرائیں ڈویزنل بیورو چیف)کمشنر ساہیوال/چیئرمین ساہیوال بورڈ شعیب اقبال سید کی پہلے سالانہ میٹرک امتحانات2025 کو صاف و شفاف بنانے کے لئے ریذیڈنٹ انسپکٹرز سے ملاقات۔ امتحانی مراکز میں تمام انتظامات جلد مکمل کرنے کی ہدایت، یہ امتحانات 4 مارچ سے شروع ہو رہے ہیں۔ امیدواران کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں، کمشنر کی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر ساہیوال/چیئرمین ساہیوال بورڈ شعیب اقبال سید سے ڈویژن بھر کے ریذیڈنٹ انسپکٹرز (سکول سربراہان)نے ملاقات کی اور 4مارچ سے شروع ہونے والے سالانہ میٹرک امتحانات2025کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ساہیوال بورڈ کے کنٹرولر امتحانات ڈاکٹررانا نوید عظمت اور سیکرٹری بورڈ فیاض سلیمی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ امتحانات کو صاف و شفاف بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ نقل مافیا کی حوصلہ شکنی کے لئے سخت مانیٹرنگ کی جائے اور سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امتحانات کے دوران امتحانی سنٹرز پر غیر متعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع قرار دیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ امتحانی سنٹرز پر صفائی، پینے کے ٹھنڈے پانی اور بجلی کی بلاتعطل سپلائی کے انتظامات بھی کئے جائیں۔
