وزیرآباد(طارق جاوید ملک) شہر وگردونواح میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مہنگائی کا جن بے قابو،چینی 170، بیسن 350، گھی 570، سیب 400 روپے میں فروخت ہو رہا ہے،پرائس کنٹرول انتظامیہ پر اسرار طور پر خاموش،منافع خور شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف عمل ہیں۔ضلع وزیر آباد،احمد نگر، مطابق علی پورچٹھہ،سوہدرہ،رسول نگر،گکھڑ ودیگر علاقوں میں اشیائے خوردونوش کی مادر پدر آزاد قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں، ناجائز منافع خور ماہ مقدس میں شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے رہے ہیں،رمضان المبارک سے پہلے ضروریات زندگی کی قیمتیں کچھ کم تھیں لیکن رمضان کی آمد کے ساتھ ہی مہنگائی کا جن بے قابو ہوکررہ گیا، چینی 170، شکر 320، گھی 560، دال چنا 300، چنے کالے 300، بیسن 350، لوبیا 600، مسر 480 روپے میں فروخت ہو رہے ہیں اسی طرح گوشت وزن 900 گرام، دودھ، دہی، انڈے من مرضی سے فروخت کئے جا رہے ہیں۔پیاز 120، ادرک 600، لہسن 800، ہری مرچ 150، ٹماٹر 120، آلو 80 روپے کلو میں بک رہے ہیں۔ فروٹ رمضان المبارک میں سفید پوش افراد کی پہنچ سے باہر ہے سیب 500، کینو 550 روپے درجن، خربوزہ 200، کیلا 250روپے درجن میں فروخت ہو رہے ہیں۔ پرائس کنٹرول انتظامیہ پراسرار خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ گراں فروشی پر عوامی شکایات کے پیش نظر چند چالان کرکے کاغذی کاروائی کرکے سب اچھا کی رپورٹ مرتب کر دی جاتی یے۔ عوامی حلقوں نے احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ گراں فروشوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے اور ماہ رمضان میں مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
