لندن (نمائندہ خصوصی) چیئرمین جہلم پریس کلب، راجہ نو بہار خان ان دنوں برطانیہ کے دورے پر ہیں، جہاں وہ اپنے عزیز و اقارب کے ساتھ ساتھ پاکستانی کمیونٹی کی سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتوں میں مصروف ہیں۔
گزشتہ دنوں ان کی اہم ملاقات سٹی آف ویسٹ منسٹر یو کے میں انویسٹیگیشن ڈیپارٹمنٹ کے برٹش سینئر آفیسر، سید مدثر رضوی سے ہوئی۔ ملاقات ایک خوشگوار اور سنجیدہ ماحول میں ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاکستان کی موجودہ صورتحال، خصوصاً صحافت، عوامی مسائل، اور ان کے حل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر چیئرمین راجہ نو بہار خان نے جہلم پریس کلب کی سرگرمیوں اور خطے کے عوام کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا پاکستان کے ساتھ تعلق نہایت قیمتی ہے اور ان کی خدمات و مشورے ملک کی بہتری میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
ملاقات میں غیر قانونی ہجرت جیسے حساس مسئلے پر بھی گفتگو ہوئی۔ چیئرمین پریس کلب نے اس ضمن میں ایس ایس ڈی او کی کاوشوں کو سراہا، جو ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید کوثر عباس کی قیادت میں برطانوی ہائی کمیشن کے تعاون سے نوجوانوں میں غیر قانونی ہجرت کے خلاف شعور و آگاہی پیدا کرنے کے لیے ملک گیر سطح پر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو محفوظ اور قانونی راستوں سے ترقی کی طرف راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سید مدثر رضوی نے بھی ان اقدامات کی تعریف کی اور نوجوانوں کی رہنمائی اور آگاہی کے لیے ایس ایس ڈی او جیسے اداروں کے کردار کو سراہا۔
