


مانچسٹر(سٹی رپورٹر) پریس کلب آف پاکستان یو کے کے زیر اہتمام پاکستان قونصلیٹ مانچسٹر کے سبکدوش ہونے والے قونصل جنرل طارق وزیر کے اعزاز میں الوداعی تقریب قبا مسجد سٹاک پورٹ میں ہوئی۔ اس موقع پر ممبران کے اعزاز میں عید ملن پارٹی بھی منعقد ہوئی۔تقریب کے مہمان خصوصی قونصل جنرل پاکستان طارق وزیر اور مہمان خصوصی ممبر برٹش پارلیمنٹ افضل خان تھے۔تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی، اس موقع پر پریس کلب کی جانب سے طارق وزیر کوسفارتی خدمات کے اعتراف میں اعزازی شیلڈ بھی دی گئی۔پریس کلب کے صدر محمود خان نے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ پریس کلب نئے افراد کو صحافت کے لئے پلیٹ فارم مہیا کررہا ہے، ہمیں صحافت میں اکٹھے مل کراور ہاتھ ملا کر چلنا چاہئے اور صحافت کا نام روشن کرنا چاہئے،طارق وزیر نے مانچسٹر میں کمیونٹی کی بہت خدمت کی ہے،ان کی خدمات کو سراہتے ہیں۔کونسلر مقدسہ بانو نے کہا کہ طارق وزیر نے کورونا وبا کے دوران پاکستانی کمیونٹی کی بے حد خدمت کی، وہ انسان دوست اور خلوص کا پیکر ہیں، وہ اعلی تعلیم یافتہ سفارتکار ہیں۔انھوں نے مانچسٹر میں پاکستان کی حقیقی نمائندگی کی ہے،ان کے جانے سے خلا پیدا ہوگا لیکن ہم ان کے لئے دعا گو ہیں،ممبر پارلیمنٹ افضل خان نے کہا کہ طارق وزیر نے پاکستان اور یوکے دونوں ملکوں کو قریب لانے کی بھرپور کوششیں کیں اورانھوں نے اس سلسلہ میں اہم کردار ادا کیا۔وہ ایک کامیاب سفارتکار ہیں۔وہ اگرچہ واپس جارہے ہیں لیکن وہ ہمارے دلوں میں موجود رہیں گے اور یوکے میں بطور ہائی کمشنر پاکستان واپس آئیں گے۔پاکستان کے قونصل جنرل طارق وزیر نے کہا کہ پریس کلب کے صدر محمود خان سے طویل عرصہ کے بعد ملاقات ہوئی، پریس کلب کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انھوں نے الوداعی تقریب منعقد کی ہے۔انھوں نے کہا کہ ایم پی افضل خان کے ساتھ پانچ سال مسلسل اکٹھے گزرے ہیں۔انھوں نے کہا کہ تقرر اور تبادلے ملازمت کا حصہ ہیں،وہ اپنی خدمات پر مطمین ہیں مانچسٹر میں پانچ سال بہت اچھے گزرے ہیں،مانچسٹر میں پاکستانی میڈیا بہت خدمت کررہا ہے۔ہمیں برطانیہ کی خدمت کرنی چاہئے اور یہاں پاکستانی کشمیری کمیونٹی کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے۔محبوب الہی بٹ نے کہا کہ انھوں نے پریس کلب پاکستان کی بنیاد رکھی۔یہ ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں صحافیوں کی تربیت کررہے ہیں،وہ پریس کلب کے تمام ارکان کا شکریہ ادا کرتےہیں۔انھوں نے سابق صدر پرویز مسیح کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تقریب کی کامیابی کے لئے محمود خان نے بہت کام کیا۔صابرہ ناہید ،ثوبیہ عنبر اورمقدسہ بانو کی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ طارق وزیر کے ساتھ پانچ سال اچھے ورکنگ ریلیشن رہے ہیں۔افضل خان ہمارے ہر دلعزیز ممبر پارلیمنٹ ہیں۔ڈرامہ تھیٹر ورثہ کی ٹیم کی آمد کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انھوں نے تقریب میں موجود اہم شرکا انور شاد ، فرح جبین،ڈاکٹر یونس پرواز ،ڈپٹی میئر مانچسٹر کونسلر شوکت، فادر فلک شیر ،راسب خان،صابر رضا ،پروفیسر سعادت سعید ، چودھری اسلم، صغیر جاوید، ڈاکٹر فرخ، نغمانہ کنول،شیخ امتیاز، مشال عقیل،فائقہ گل، ہمایوں صاحبزادہ ، فہیم گوہر سمیت تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے تقریب میں شامل ۔صحافیوں طارق لودھی، غلام مصطفی مغل، میاں عامر علی کی آمد کا بھی شکریہ ادا کیا۔ فہیم گوہر نے صدر پریس کلب محمود خان کو ان کی کتابوں پر پروفیسر سعادت سعید کی معیت میں خصوصی سرٹیفکیٹ پیش کیا۔ ڈاکٹر سعادت سعید نے کہا کہ طارق وزیر کامیاب سفارتکار ہیں جنھوں نے پاکستان کا نام روشن کیا اور کمیونٹی کی خدمت کی ہے۔تقریب کے آخر میں تمام مہمایوں کو پرتکلف ضیافت بھی پیش کی گئی۔
