

مانچسٹر( سٹی رپورٹر) برٹش مسلم ہیرٹج سنٹر مانچسٹر کے زیر اہتمام مانچسٹر میں پاکستان کے سبکدوش ہونے والے قونصل جنرل محمد طارق وزیر اور ترکی کے قونصل جنرل سیفی اونور سائن کی خدمات کے اعتراف میں عشائیہ دیا گیا۔ تقریب میں پاکستان، ترکی کے سفارتکار،میئر مانچسٹر،کاروباری، سماجی ، سیاسی شخصیات اور صحافیوں سمیت کمیونٹی کے کثیر افراد شریک ہوئے، اہم شرکا میں شمالی قبرص کے صدر ارسین تتار، ترکی کے سفیر عثمان کورے، افضل نیلسن، ڈاکٹر اسامہ منیر، ڈاکٹر عامر حنان، پاشا طاہر، کاشف ملک، لقمان ابراہیم، آدم سادات، حلیل اردگان، فاروق پٹیل، اجمل رمضان، مولانا یونس، سہیل کوشل، اسماعیل مراد، غلام حیدر مغل، چودھری مسرت، فادر فلک شیر، انیل مسرت، ڈاکٹر یونس پرواز اور دیگر شامل تھے۔برٹش مسلم ہیرٹیج سنٹر کے چیئرمین ناصر محمود نے خطبہ استقبالیہ میں تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے کہا کہ برٹش ہیرٹیج سنٹر کی ٹیم بہت محنتی ہے،سنٹر سے تعاون کرنے والے مقامی اور بین الاقوامی اداروں کا شکریہ اداکرتےاور دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالی انھیں اجر عظیم عطا فرمائے۔انھوں نے سنٹر میں نئے چیف ایگزیکٹو عرفان ارشد اور ڈائریکٹر مارکٹنگ اینڈ بزنس کا خیر مقدم کیا۔تقریب میں سنٹر کی سرگرمیوں کے متعلق مختصر دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔اس موقع پر شمالی قبرص کے صدر ارسین تتار نے کہا کہ برطانیہ میں مسلمانوں کی عظیم تاریخ ہے، برٹش مسلم ہیرٹیج سنٹر ایک دانش گاہ ہے۔ ہم پاکستانی کمیونٹی، خاص طور پر ممبر پارلیمنٹ افضل خان کی خدمات کو سراہتے ہیں جو پاکستان اور ترکی دونوں کے دوست ہیں۔ انھوں نے پاکستان کی حکومت اور کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔انہوں نے غزہ کےمظلوم مسلمانوں سے اظہارِ ہمدردی اور ان کے لیے خصوصی دعا بھی کی اور کہا کہ ہمیں دنیا بھر میں انسانیت سے محبت اور عزت کرنی چاہیے۔ ترکی کے سفیر عثمان کورے نے کہا کہ مانچسٹرشاندار شہر ہے، یہاں کے لوگ ہمیشہ ہمارے ساتھ محبت سے پیش آئے،برٹش مسلم ہیرٹیج سنٹر اور ترکی کے درمیان مضبوط تعلقات ہیں جس پر سنٹر کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔انھوں نے کہا کہ ترکی یورپ اور ایشیا کے درمیان پل ہے اور دونوں براعظموں کو آپس میں ملاتا ہے۔انھوں نے برٹش مسلم ہیرٹیج سنٹر کے کرداراور تقریب کے انعقاد پرخراج تحسیشن پیش کیا۔ ممبر پارلیمنٹ افضل خان نے کہا کہ ترکی سے ہمارے تعلقات پانچ سو سال پرانے ہیں۔انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم برطانیہ کے ترکی کے نامزد ایلچی برائے تجارت و سرمایہ کاری وہ صرف ترکی اور برطانیہ ہی نہیں بلکہ پاکستان کے ساتھ بھی تعلقات مضبوط کرنے کی پوری کوشش کروں گا۔انھوں نے کہا ہمیں طارق وزیر پر فخر ہے جنہوں نے کمیونٹی کے لیے شاندار کام کیا وہ ہمارے دلوں میں ہمیشہ موجود رہیں گے۔ ترکی کے قونصل جنرل سیفی اونور سائن نے کہا کہ ان کے لئے یہ ناقابل فراموش تقریب ہے جہاں اتنی کثیر تعداد میں شرکا موجود ہیں۔وہ سب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اپنی تعیناتی کے بعد سب سے پہلے طارق وزیر سے ہی ملاقات کی تھی، اوران کے ساتھ ہمیشہ مثالی تعلقات رہے ہیں۔مانچسٹر میں مسلم پاکستانی کلچر ہمیشہ یاد رہے گا۔ پاکستان کے سبکدوش ہونے والے قونصل جنرل طارق وزیر نے کہا کہ مانچسٹر میں قیام یادگار رہا، مانچسٹر میں کمیونٹی کے لئے مثالی کام کیا۔ ایم پی افضل خان میرے بھائی ہیں۔ میں جا تو رہا ہوں، لیکن بہت جلد واپس آؤں گا۔ انیل مسرت نے کہا کہ وہ تمام شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہیں،انھوں نے طارق وزیر کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ انھوں نے پاکستانی کمیونٹی کو قریب کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔وہ امید کرتے ہیں کہ طارق وزیر دوبارہ برطانیہ واپس آئیں گے، اس موقع پر تمام شرکا نے پاکستان اور ترکی کے قونصل جنرل کو نشستوں سے کھڑے ہو کر اور بھرپور تالیاں بجا کر انھیں خراج تحسین پیش کیا۔انھوں نے کہا کہ برٹش مسلم ہیرٹیج سنٹر کے چیئرمین ناصر محمود پاکستانی کمیونٹی کے لئے بہت خلوص اور بھرپور توانائی کے ساتھ خدمت کررہے ہیں، تقریب کے آخر میں ناصر محمود اور انیل مسرت نے مہمانوں کو پھولوں کے گلدستے اوریادگاری تحائف بھی پیش کئے جبکہ سنٹر کے سرپرست سر وارن امیتھ نے تمام شرکا شکریہ ادا کیا،اس موقع پر شرکا کے لئے ضیافت کا بندوبست بھی کیاگیا۔
