پاکستان کے مانچسٹر میں قونصل جنرل طارق وزیر نے کہا ہے وہ پاکستانی کمیونٹی کے خادم اعلی ہیں،

Spread the love


اولڈہم (تجمل گرمانی) پاکستان کے مانچسٹر میں قونصل جنرل طارق وزیر نے کہا ہے وہ پاکستانی کمیونٹی کے خادم اعلی ہیں، مانچسٹر میں بطور قونصل جنرل بہت اچھا سفر گزرا ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے اولڈہم میں اپنے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس تقریب میں مئیر بریڈ فورڈ شفیق خان خصوصی شریک ہوئے۔تقریب کا اہتمام راجہ نجابت حسین نےکیا۔طارق وزیر نے کہا کہ راجہ نجابت حسین سے مانچسٹر تعیناتی کے فوری بعد ملاقات ہوئی،وہ بامقصد انسان ہیں،میں ان سے بہت زیادہ متاثر ہوں کہ انھوں نے سب افراد کو آپس میں جوڑ رکھا ہے۔ انھوں نے مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھا ہوا ہے۔ہمیں ان کی شخصیت سے سیکھنا چاہئے وہ ایک خوش لباس انسان ہیں اور دلیل کے ساتھ گفتگو کے ماہر ہیں،وہ عام انسان نہیں ہیں۔ مجھے برطانیہ میں کبھی محسوس نہ ہوا کہ دوسرے ملک میں ہوں،میں ہمیشہ آپ کو یاد رکھوں گا، یاسمین ڈار نے بہت جدوجہدکرکے اپنا مقام بنایا ہے،انھوں نے خواتین کے لئے مثالی کام کیا۔انھوں نےکہا کہ ہم سب پاکستان سے جڑے ہیں مانچسٹر میں رہتے ہوئے کمیونٹی کے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ مسائل کو حل کیا اور سسٹم کو آسان بنادیا ہے۔ہمیں برطانیہ میں قانون کا احترام کرنا چاہئے۔انھوں نے یقین دلایا کہ وہ مسئلہ کشمیر کی ہمیشہ حمایت کریں گے۔راجہ نجابت حسین ستارہ امتیاز نے تحریک حق خود ارادیت کشمیر کے ارکان کا شکریہ ادا کیا اور طارق وزیر کو خوش آمدید کہا۔انھوں نے اولڈہم کی جانب سے کونسلر شفیق خان کو بریڈ فورڈ کا مئیر کامیاب ہونے پر مبارکباد دی۔طارق وزیر کے ساتھ پانچ سال کا سفر بھائیوں کی طرح گزرا ہے۔پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کی جانب سے انھیں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔بریڈ فورڈ میں شفیق خان 12ویں پاکستانی مئیر بنے ہیں۔برطانیہ کی پارٹیوں میں شمولیت اختیار کریں۔اولڈ ہم میں عروج شاہ لیڈر آف کونسل ہیں،تیمور شفیق نے حال ہی میں پی ایچ ڈی کی ہے جو خوش آئند ہے۔نئی نسل کے لوگ بھی تحریک حق خود ارادیت کشمیر میں شمولیت اختیار کریں۔ہمارا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں، پاکستان اور کشمیر کی تمام کمیونٹی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔انھوں نے تمام صحافیوں کا شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔کونسلر شعیب اختر نے کہا کہ قونصل جنرل طارق وزیر بہت فعال ہیں اور کمیونٹی کے مسائل حل کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں جو ہمارے لئے اعزاز ہے۔انھوں نے مئیر شفیق خان کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ کمیونٹی کاموں میں مثبت کردار ادا کررہے ہیں۔ہمارے بزرگوں نے برطانیہ میں کمیونٹی کے لئے بہت اچھا کام کیا۔یاسمین ڈار نے کہا کہ فلسطین کے بہن بھائیوں کے لئے انسانیت کے حوالے سے امداد کرنے کی ضرورت ہے۔حکومت کو ونٹر فیول اور معذور افراد کی مراعات ختم کرنے سے اجتناب کرنا چاہئے اور اس حوالے سے حکومت کو زیادہ سے زیادہ ای میل کرکے اپنے تاثرات پہنچائیں۔ہمیں کسی جگہ سے فنڈنگ نہیں ملتی اپنے خرچ پر لندن جاتے ہیں۔راجہ نجابت نے ہمیشہ خواتین کی عزت کی ہے۔ہم ان کی صحت کے لئے خصوصی دعا کرتے ہیں۔ہمیں ڈرنے کی ضرورت نہیں، میں پہلی پاکستانی مسلمان لارڈ مئیر بنی تھی، ہمیں اپنی بہنوں اور بچوں کو سیاست میں فعال کرنے کی ضرورت ہے، ہمیں برطانیہ کی سیاسی جماعتوں میں شامل ہونے کی ضرورت ہے۔مئیر بریڈ فورڈ کونسلر شفیق خان نے کہا کہ وہ بریڈ فورڈ میں 123ویں مئیر ہیں،انھوں نےمسئلہ کشمیر کے ساتھ مکمل تعاون کا یقین دلایا،انھوں نے طارق وزیر کی خدمات کی تعریف کی۔تقریب میں جاوید طارق، راسب خان،محمود اعوان، خان اظہر، شیخ امتیاز، نغمانہ کنول، سمیرا اشرف،ڈاکٹر یونس پرواز، صحافی عارف چودھری، اسحاق چودھری،رضیہ ناہید چودھری، اعجاز شیخ، محبوب بٹ سمیت دیگر شریک ہوئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں