اربعین سیدالشہداء حضرت امام حسینؑ کریم کربلا

Spread the love

ڈاکٹر افتخار احمد نقوی

کچھ سال پہلے جب میں اربعین حسینی میں شامل ہو کر مشی کو انجام دیاتو واپس آکر میں نے ایک مضمون تحریر کیا تھا کہ مشی کی برکات اتنی زیادہ ہیں کہ سامراجی قوتیں اس سے خوفزدہ ہیںاور عنقریب اس کےلئے اقدامات بھی تجویز کئے جائیں گےتاکہ لوگ اتنی بڑی تعداد میں لوگ کربلا میں اکٹھے نہ ہوں سکیں۔
مشی دراصل ایک ایسی واک کا نام ہے جو شہداء کربلا اور خصوصاً امام حسینؑ اورپیغامِ امام حسینؑ سے متصل ہےاور اگر آپ کو جانے کا اتفاق ہوا ہو تو وہاں پہنچ کر ہر شخص کی کیمسٹری بدل جاتی ہے دل ودماغ اور جسم وجان پر حضرت امام حسینؑ کا قبضہ نظر آتا ہے لوگ پاکیزگی اور طہارت کی طرف مائل ہوتے ہیں انکے دنیاوی رویے یکسر تبدیل ہو جاتے ہیں اور ایک مومن کی جھلک نظر آتی ہے ۔ نجف سے کربلا تک ہر شخص کے دل میں ایک ہی بات ہوتی ہے کہ ہم نے کربلا پہنچنا ہےاور اسی دھن میں نہ دن دیکھتے ہیں اور نہ رات قافلوں پر قافلے کربلا کی طرف روانہ ہوتے ہیں اور تقریباً80کلومیٹر کا فاصلہ ہے جس میں کسی بھی جگہ تنہائی محسوس نہیں ہوتی اور کھانے پینے کو جو آپ کا دل چاہتا ہے آپ کو فورا میسر ہوتا ہے میرے ساتھ تو کم ازکم ایسا ہی ہوا ۔
مشی کے موقع پر عالمی طاغوت کو للکارا جاتا ہے یوں طاغوتی نظام مشی کو اپنے لئے ایک بڑا خطرہ محسوس کرتا ہے ۔انسانی تربیت کا یہ سب سے بڑا مرکز بن گیا ہے اور چنددنوں میں انسانی کرامت اور شرف میں اضافہ ہوتا ہے اور امام حسینؑ اوران کے رفقاءسے رفاقت گہری سے گہری ہوتی جاتی ہے یوں مشنِ امام حسینؑ کی ترویج اور دین مبین اسلام کو تحفظ ملتا ہے جس سے عالمی سامراج کی پریشانی میں اضافہ ہوتا ہے اور انہیں اپنے تمام منصوبے ناکام ہوتے دکھائی دیتے ہیں جبکہ اموی پیروکار بھی اس صورتحال کو اپنے لئے مناسب خیال نہیں کرتے اُن کو لگتا ہے کہ ان کی منصوبہ بندی اور دین اسلام میں ردوبدل کی کوششیں کامیاب نہ ہو پائیں گی جیسے یزید لعین اور اس کے رفقاء کرنا چاہتے تھے لیکن امام حسینؑ کی قربانی نے اس کے تمام منصوبہ جات کو ملیا میٹ کردیا نہ صرف ملیا میٹ کردیا بلکہ یزیدی تحریک کو آئندہ سر اٹھانے کی ہمت نہ ہوئی اور یوں اسلام دشمنی کے تمام منصوبے اپنی موت آپ مرگئے ۔اور جس جس نے کوشش کی اس کے حصہ میں لعنت کے سوا کچھ نہیں آیا۔ لہذا اربعین میں رکاوٹ ڈالنا ان کی ضروریات میں سے ایک ضرورت ہے ۔
اب جہاں تک اس بات کا تعلق ہے کہ پاکستان نے بائی روڈ سفر کرنے والے زائرین کا راستہ کیوں روکا ظاہر ہے اس کا اصل چہرہ تو کچھ عرصہ بعد ہی نظر آئے گا، لیکن مجھے لگتا ہے کہ جس چیز کو بنیاد بنایا جا رہا ہے وہ اصل وجہ نہیں ہے بلکہ ایک بہانہ ہے کیونکہ بلوچستان کی یہ صورتحال ایک عرصہ سے اسی طرح چلی آ رہی ہے اور دوسری طرف یہ بات اس لیے بھی سمجھ نہیں آتی کہ ہمارے پاس ایک پروفیشنل فوج موجود ہے جو کہ ایٹمی پاور ہونے کے ساتھ ساتھ دنیا کی جدید ترین ٹیکنالوجی ففتھ جنریشن سے مزین ہے اور حال ہی میں اپنے سے پانچ گنا بڑی طاقت کو صرف چند گھنٹوں میں گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا اور عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کی۔ لہذا یہ فیکٹر موثر نظر نہیں آتا اور ایک مذاق یا بہانے کے سوا کچھ بھی نہیں ہے۔
یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ اگر ایسا ہے تو پھر معاملہ کیا ہے اس کے لیے غوروفکر کی صورت اور سوچ کی سطح بلند کر کے عالمی تناظر میں اسےدیکھنا پڑے گا۔ بلوچستان کی لڑائی کی بنیادی طور پر تین وجوہات ہو سکتی ہیں۔
نمبر ایک: امریکہ چاہتا ہے کہ یہ علاقہ اس کے کنٹرول میں آ جائے تاکہ وہ ایران اور چائنہ پر اپنا پریشر بنا کر اپنے مضموم مقاصد جن میں ایران کی تباہی اور گریٹر اسرائیل کی تشکیل شامل ہےپروان چڑھا سکے۔ نمبر دوسری ممکنہ وجوہات میں سے ایک وجہ بھارت کی ناجائز مخالفت ہے جس کی وجہ سے اس نے بلوچستان میں دہشت گرد گروہ پیدا کیے ہوئے ہیں جو وقتا فوقتا پاکستان ،پاکستانی املاک اور پاکستانیوں کو نقصان پہنچاتے رہتے ہیں اور پاکستان کو اس علاقہ میں انگیج رکھنا چاہتے ہیں جس کی وجہ آگے جا کر تحریر کروں گا۔
نمبر تین: تیسری اورآخری وجہ میری نظر میں لوکل قبائل اور ریاست کے درمیان دوری ہے جس کی وجہ بلوچ قبائل یہ سمجھتے ہیں کہ بلوچستان میں تیل مدنیات اور دیگر قیمتی دھاتوں کے بے شمار وسائل جن میں سونا، تانبا، کرومائیٹ، سیسہ، زنک، کوئلہ، گیس اور دیگر معدنیات شامل ہیں۔جن سے حکومت پاکستان فائدہ اٹھا رہی ہے لیکن اس کی تقسیم منصفانہ نہیں ہے اور ان کے حقوق پامال کیے جا رہے ہیں۔
محترم قارئین دراصل یہی وہ فیکٹر ہے جس پر تمام دشمن نظر جمائے ہوئے ہیں اوپر سے گوادر بندرگاہ اور سی پیک منصوبے نے اس علاقے کو مزید حساس کر دیا ہے ۔اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ راستہ بند کرنے سے کیا کوئی ایسا منصوبہ بندی کی جائے گی جو عالمی سامراجی طاقتوں کے ایجنڈے کو مضبوط کرے گی یا بلوچستان کی بقا سلامتی یکجہتی اور امن کے لیے کوئی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ اگر ماضی پر نظر ڈالیں تو پہلی رائے زیادہ مضبوط نظر آتی ہے جبکہ دوسری رائے کا کوئی امکان ہی نظر نہیں آتا اگرچہ بہت سی اور چیزوں کو بھی صفحہ قرطاس پر لایا جا سکتا ہے لیکن طوالت کے پیش نظر اپنی بات کو مختصر کرتا ہوں اور بس اتنا ہی کہوں گا کہ کربلا کا راستہ بند کرنے والے نہ کل کامیاب ہوئے اور نہ آج ہوں گے۔
البتہ محبان حسینؑ و علیؑ کے لیے زمین تنگ کی جا رہی ہے اور دوبارہ سے کربلا سجانے کی تیاریاں ہو رہی ہیں زائرین اطمینان رکھیں ان کے وارث زندہ ہیں یہ جو رکاوٹ ہے ان کی پاکیزگی کا سبب بنے گی اور دعا و مناجات سے قربِ امام حسینؑ حاصل کرنے کا ذریعہ ہوگی۔ اس قسم کی پابندیاں نہ کوئی لگا سکا ہے نہ لگا سکے گا۔ زائرینِ کربلا تواُس وقت نہیں رکے جب بازو کٹوا کر زیارات کی اجازت ملتی تھی۔ جب بچے کی قربانی دے کر زیارت کی اجازت ملتی تھی ۔آج کس میں دم ہے کہ ان راستوں کو بند کر سکے۔ دنیاوی مسخرے اپنی اپنی ترتیب لگا کر دیکھ لیں اپنی ہی دنیاوآخرت برباد کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں