سینئر صحافی اور جرنلسٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے جائنٹ سیکرٹری غلام حسین اعوان نے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے وائس چیئرمین بیرسٹر امجد ملک کے اعزاز میں لندن کے ایک مقامی ریسٹورنٹ میں پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا،

Spread the love


لندن

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے مختلف سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور خصوصی عدالتیں بھی قائم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ پاکستان میں اپنی جائیدادوں اور دیگر معاملات کو باآسانی نمٹا سکیں۔ انہوں نے یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور ملک کی ترقی میں ان کا کلیدی کردار ہے۔ ان کے بقول، اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

میزبان غلام حسین اعوان نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تقریبات نہ صرف پاکستانی کمیونٹی کو آپس میں ملنے کا موقع فراہم کرتی ہیں بلکہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو اجاگر کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ انہوں نے بیرسٹر امجد ملک کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل میں نمایاں پیش رفت ممکن ہو سکے گی۔

عشائیے میں شریک دیگر معزز شخصیات میں معروف صحافی اور پاکستان جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر طاہر چوہدری، اوپن کچن کے روحِ رواں احسان شاہد، بلال رزاق، فرانس سے سردار ظہور اقبال، خالد چوہدری، سابق ایم این اے جاوید اخلاص، اسپین سے راجہ اسد حسین، میاں عمران، ڈنمارک سے شفیق سیٹھی اور دیگر شامل تھے۔ انہوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا، بیرسٹر امجد ملک اور اوورسیز پاکستانیز کمیشن کی کاوشوں کو سراہا اور مختلف تجاویز پیش کیں۔

پاکستان سے آئے صحافی عثمان بھٹی اور کالم نگار صغرہ صدف صاحبہ نے بھی خصوصی شرکت کی اور بیرسٹر امجد ملک کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز شخصیات، مختلف سیاسی جماعتوں کے عہدیداران اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سمیت یورپ اور برطانیہ سے تعلق رکھنے والی کئی معروف سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ آخر میں پرتکلف عشائیے سے مہمانوں کی تواضع کی گئی۔ بیرسٹر امجد ملک نے غلام حسین اعوان کو او پی سی کی شیلڈ پیش کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں