اوپن کچن مانچسٹر کو برطانوی پارلیمنٹ میں انسانیت کی خدمت پر اعزازی سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا

Spread the love


برطانیہ – برطانوی پارلیمنٹ کے معزز رکن محمد افضل خان (ایم پی) نے اوپن کچن مانچسٹر کو انسانیت کی خدمت اور فلاحی کاموں کی اعلیٰ مثال قائم کرنے پر اعزازی سرٹیفکیٹ سے نوازا۔ یہ اعزاز اوپن کچن کی سماجی خدمات اور کمیونٹی میں اس کے مثبت کردار کے اعتراف کے طور پر دیا گیا۔

اس موقع پر اوپن کچن مانچسٹر کی نمائندگی اردو گلوبل اور اوپن کچن مانچسٹر کے سی ای او محمد شہزاد علی مرزا، اردو گلوبل کے ڈائریکٹر چوہدری عبدالرّفیق، اوپن کچن کے صدر محمد عامر خان، سینئر نائب صدر حاجی راجہ محمد شبیر اور ڈائریکٹر محمد حفیظ چوہان نے کی۔

پارلیمنٹ آمد پر وفد کا پرتپاک استقبال کیا گیا، جہاں ایم پی محمد افضل خان نے استقبالیہ دیا اور اوپن کچن کی شاندار سماجی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ اوپن کچن مانچسٹر وہ واحد عالمی فلاحی منصوبہ ہے جو کورونا وبا کے دوران شروع کیا گیا، اور اب تک پانچ سال سے زائد عرصے سے مسلسل روزانہ کی بنیاد پر ضرورت مند افراد کو مفت کھانا اور دیگر ضروریات زندگی فراہم کر رہا ہے۔

مزید یہ کہ ایم پی محمد افضل خان نے کورونا وبا کے دوران پارلیمنٹ کے اجلاس میں بھی اوپن کچن مانچسٹر کا ذکر کیا تھا، جو اس منصوبے کی انسانی خدمت کے جذبے کا ایک تاریخی اعتراف ہے۔

یہ اعزاز گزشتہ چھ دنوں میں اوپن کچن مانچسٹر کو ملنے والا تیسرا بڑا ایوارڈ ہے، جو اس ادارے کی لگن، قربانی اور خدمتِ خلق کے عزم کا مظہر ہے۔

اوپن کچن مانچسٹر کی پوری ٹیم ایم پی محمد افضل خان کا دلی شکریہ ادا کرتی ہے کہ انہوں نے ان کے مشن کو سراہا اور ان کے جذبۂ خدمتِ انسانیت کی حوصلہ افزائی فرمائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں