


ما نچسٹر: برطانیہ اور پاکستان کے درمیان پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن (PIA) کی براہ راست پروازیں پانچ سال بعد بحال ہو گئیں اور اس سلسلہ میں پی آئی اے کی پہلی پرواز اسلام آباد سے مانچسٹر ایئرپورٹ پہنچی۔اس موقع پر ائیر پورٹ پر شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں پاکستانی تاجر، پاکستان قونصلیٹ کا عملہ، ارکان پارلیمنٹ ، ائیر پورٹ حکام، اور کمیونٹی رہنما موجود تھے جنھوں نے اسلام آباد سے آنے والے مسافروں کا شاندار استقبال کیا۔ یہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان پانچ سال بعد پہلی پرواز تھی۔افتتاحی تقریب کے اہم شرکا میں ایم پی افضل خان، ایم پی یاسمین قریشی، چیئرمین اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن سید قمر رضا، قونصل جنرل پاکستان مانچسٹر امتياز فیروز گوندل، ویلفیئر اتاشی مصباح نورین، پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو ایئر وائس مارشل محمد عامر حیات، ہارون کٹھانہ، قونصل جنرل بریڈ فورڈ زاہد احمد جتوئی، عامر رضا، اطہر اعوان، ریحان اشرف، محمد جنید، فاروق احمداور دیگر کمیونٹی رہنما شامل تھے۔ تقریب کے دوران کیک کاٹا گیا اور مانچسٹر ایئرپورٹ اور پی آئی اے حکام نے تحائف کا تبادلہ بھی کیا۔ مانچسٹر ائیرپورٹ کے مینجنگ ڈائریکٹر کرس ووڈ نے تقریب میں کہا کہ اسلام آباد مانچسٹر کے درمیان براہ راست پروازیں سب کے لیے خوشی کا موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کی قومی ایئرلائن کو مانچسٹر آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ یہاں ہزاروں پاکستانی مقیم ہیں اور سالانہ 6 لاکھ مسافر یہاں سے پاکستان سفر کرتے ہیں۔ ہفتہ میں دو پروازوں کا آغاز خوش آئند ہے اور امید کرتے ہیں کہ یہ پروازیں کامیاب ہوگی۔ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو ایئر وائس مارشل محمد عامر حیات نے کہا، کہ مانچسٹر پہنچ کر بہت خوشی ہوئی ہے۔آئندہ پاکستانی کمیونٹی برطانیہ اور پاکستان کے درمیان براہ راست پروازوں سے سفر کرسکے گی۔ہم معیار، حفاظت اور برطانوی اداروں سے تعاون کو ترجیح دے رہے ہیں۔ ہم نے ہفتہ میں دو پروازیں شروع کردی ہیں اور جلد ہفتہ میں تین پروازیں چلانے کی کوشش کریں گے۔ یہ پی آئی اے کی محنت اور لگن کا نتیجہ ہے جس سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوگے۔ایم پی افضل خان نے کہا کہ پانچ سال بعد اسلام آباد سے مانچسٹر کی براہ راست پروازیں دوبارہ شروع ہونا خوش آئند ہےجس سے پاکستانی کمیونٹی کوفائدہ ہوگا۔ میں چاہتا ہوں کہ یہ پروازیں اسلام آباد کے ساتھ ساتھ لاہور کے لیے بھی جلد شروع ہوں کیونکہ “لہور لہور اے”برطانیہ میں 16 لاکھ پاکستانی کمیونٹی رہتی ہے اور بہت سے برطانوی بھی پاکستان جانا چاہتے ہیں۔ پی آئی اے کی پروازوں سے تعلقات مضبوط ہو گے۔ ایم پی یاسمین قریشی نے کہا کہ وہ پی آئی اے فلائٹ کا خیرمقدم کرتی ہیں۔ یہ براہ راست پروازیں بزرگ اور معذور افراد کے لیے بہت آسانی پیدا کریں گی۔ پی آئی اے واحد ائیر لائن ہے جو برطانیہ میں جاں بحق پاکستانیوں کے جسد خاکی کو برطانیہ سے پاکستان مفت منتقل کرتی ہے پاکستان کے قونصل جنرل مانچسٹر امتياز فیروز گوندل نے کہا کہ پی آئی اے کی پروازیں وزیراعظم شہباز شریف اور ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کی ذاتی کوششوں سے دوبارہ شروع ہوئیں۔ اس سے نہ صرف ملکی معیشت بہتر ہوگی بلکہ سیاحت میں بھی اضافہ ہوگا۔
اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا نے کہاکہ پاکستانی کمیونٹی پی آئی اے کی پروازوں سے بہت خوش ہے۔ پی آئی اےکی پروازیں پھل اور سبزیوں کی برآمدات میں مدد دیں گی۔ امید ہے کہ پی آئی اے نئے طیارے خرید کر یورپ کے لیے پروازیں بھی شروع کرے گی۔ دنیا بھر میں ڈھائی کروڑ اوورسیز پاکستانی ملک کی طاقت ہیں۔پی آئی اے کے حکام کے مطابق، اسلام آباد اور مانچسٹر کے درمیان دو پروازیں ہفتہ اور منگل کو چلیں گی۔ تقریب کا اختتام پر کیک کاٹا گیا اور تحائف کا تبادلہ بھی کیا گیا۔
