
پاکستان ہائی کمیشن، لندن میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (PIA) کی برطانیہ کے لیے فلائٹ آپریشن کی بحالی کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد۔
لندن عارف چودھری
تقریب میں فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس (FCDO) کے سینئر حکام، PIA UK کے سٹیشن منیجر اور سٹاف، ممتاز برطانوی پاکستانی تاجروں، مشہور شخصیات اور برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ اس سنگ میل سے بڑے معاشی فوائد حاصل ہوں گے جن میں تجارت اور سیاحت کو فروغ دینا اور لوگوں اور سامان کی نقل و حرکت کو وسعت دینا شامل ہیں۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ پروازیں نا صرف مسافروں کو آنے لے جانے کا کام کریں گئ بلکہ ان کی بدولت نئے مواقع، روابط اور مراسم بھی قائم ہوں گے۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے وزیر اعظم اور نائب وزیر اعظم پاکستان کو خصوصی خراج تحسین پیش کیا، جن کی قیادت اور وژن نے پی آئی اے کی ساکھ کو بحال کرنے اور بر طانوی میں واپسی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے سول ایوی ایشن اتھارٹی، وزارت ہوابازی اور پی آئی اے کی قیادت اور عملے کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے مستقل مزاجی اور پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔ ہائی کمشنر نے یوکے کی سول ایوی ایشن اتھارٹی اور حکومت برطانیہ کے تعاون اور تکنیکی معاونت کو بھی سراہا۔
قبل ازیں، پی آئی اے کی اسٹیشن منیجر محترمہ نادیہ نے بتایا کہ پی آئی اے 25 اکتوبر 2025 سے اسلام آباد اور مانچسٹر کے درمیان ہفتہ وار دو براہ راست پروازیں چلائے گی۔
