ری ممبر ڈے کے موقع پر اوپن کچن مانچسٹر میں شاندار اور پر وقار تقریب

Spread the love

ورک فار اسمایل اور اردو گلوبل کے زیر اہتمام — شہداء کے لیے دو منٹ کی خاموشی، شاندار خراجِ عقیدت اور خدمتِ انسانیت کا عزم

رپورٹ: صابرہ ناہید چوہدری، بیورو چیف — اردو گلوبل، مانچسٹر

مانچسٹر (نمائندہ خصوصی) — ری ممبر ڈے کے موقع پر اوپن کچن مانچسٹر میں ایک شاندار، باوقار اور پرجوش تقریب کا انعقاد کیا گیا، جو ورک فار اسمایل اور اردو گلوبل کے اشتراک سے منعقد ہوئی۔ اس موقع پر مختلف سیاسی، سماجی اور کمیونٹی رہنماؤں نے شرکت کی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی ممبر برطانوی پارلیمنٹ اینڈریو گوئنی تھے، جبکہ دیگر معزز مہمانوں میں کونسلر جِل، کونسلر سوزین، کونسلر رب نواز، کونسلر احمد علی، اور کونسلر عابد چوہان (سابق لارڈ میئر مانچسٹر) شامل تھے۔ تمام مقررین نے برطانوی افواج کے اُن بہادر سپاہیوں کو زبردست الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے آزادی اور امن کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔


شہداء کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی

تقریب کے دوران شہداء کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ ہال میں مکمل خاموشی چھا گئی، فضا میں عقیدت اور احترام کی کیفیت پیدا ہو گئی، اور شرکاء نے دل کی گہرائیوں سے اُن عظیم قربانیوں کو یاد کیا۔

مقررین کے خیالات

مقررین نے کہا کہ ری ممبر ڈے ہمیں قربانی، امن اور اتحاد کا پیغام دیتا ہے۔ اس دن ہمیں اُن تمام افراد کو یاد کرنا چاہیے جنہوں نے نسل، مذہب یا قوم سے بالاتر ہو کر انسانیت کے لیے خدمات انجام دیں۔

منتظمین کا پیغام

پروگرام کے آرگنائزر محمد خیرالزمان نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ “یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ امن اور خدمتِ انسانیت سب سے بڑی عبادت ہے۔ ہم اوپن کچن مانچسٹر کے ساتھ مل کر آئندہ بھی فلاحی سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔”

اوپن کچن مانچسٹر اور اردو گلوبل کی خدمات

اردو گلوبل اور اوپن کچن مانچسٹر کے سی ای او محمد شہزاد علی مرزا نے تمام کونسلرز اور ایم پی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ “ہمیشہ کی طرح آج بھی اوپن کچن مانچسٹر کو عوامی نمائندوں کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔ ہمارا مشن انسانیت کی خدمت اور کمیونٹی کے اتحاد کو فروغ دینا ہے۔”

انتظامی اور میزبانی کے فرائض

اسٹیج سیکریٹری کے فرائض ادرک زمان نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیے، جبکہ مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کی ذمہ داری حفیظ چوہان اور صحبت علی نے ادا کی۔

اختتام اور دعا

تقریب کے اختتام پر شہداء کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جس میں امنِ عالم، ملک کی سلامتی، اور انسانیت کی بھلائی کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔ اس موقع پر شرکاء نے یادگاری تصاویر بھی بنوائیں اور خدمتِ خلق کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں