پنجاب کے تمام اضلاع میں ڈسٹرکٹ اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو بطور خصوصی عدالتوں کے ججز تعینات کیا گیا ہے
لندن عارف چودھری
وائس چیئر پرسن اوورسیز کمشنر پنجاب بیرسٹر امجد ملک اور کمشنر اوورسیز کمیشن پنجاب ثمن رائے کی طرف سے نوٹیفیکیشن پر تمام اوورسیز کمیونٹی کو مبارکباد اور اطمینان کا اظہار۔
خصوصی عدالتوں کا قیام، وزیرِاعلیٰ پنجاب کے شفاف اور انصاف پر مبنی گورننس وژن کی عملی تعبیر ہے: کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب
لاہور گورنر پنجاب نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی مشاورت سے “پنجاب اسپیشل کورٹس (اوورسیز پاکستانی پراپرٹی) ایکٹ 2025” کے تحت صوبے بھر میں خصوصی عدالتوں کے قیام کی منظوری دے دی ہے اور پنجاب کے تمام اضلاع میں ججز تعینات کر دیے ہیں۔ یہ عدالتیں اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں سے متعلق تنازعات، غیرقانونی قبضوں اور پراپرٹی کے حقوق کے تحفظ کے لیے قائم کی جا رہی ہیں۔ اس اقدام کا مقصد بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو ان کے قانونی مسائل کے حل کے لیے تیز رفتار، شفاف اور مؤثر انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ایس اینڈ جی اے ڈی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب کے تمام اضلاع میں ڈسٹرکٹ اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو بطور خصوصی عدالتوں کے جج تعینات کیا گیا ہے۔ یہ عدالتیں اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں سے متعلق کیسز کی فوری سماعت کریں گی تاکہ اُنہیں غیرضروری تاخیر کے بغیر انصاف فراہم کیا جا سکے۔ کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب نے کہا کہ یہ اقدام حکومتِ پنجاب کے اُس ویژن کا حصہ ہے جس کے تحت اوورسیز پاکستانیوں کو قانونی تحفظ، سرمایہ کاری کے اعتماد اور شہری حقوق کی بحالی فراہم کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالتوں کے قیام سے اوورسیز پاکستانیوں کے مقدمات کے فیصلوں میں تیزی آئے گی، قبضہ مافیا کے خلاف قانونی کارروائی کو مؤثر بنایا جائے گا اور صوبے میں غیرملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب نے مزید کہا کہ حکومتِ پنجاب اوورسیز پاکستانیوں کو قومی ترقی کا لازمی جز سمجھتی ہے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ ان خصوصی عدالتوں کا قیام وزیرِاعلیٰ پنجاب کے اس وژن کا عملی اظہار ہے جس کے تحت صوبے کو انصاف، شفافیت اور شہری فلاح کے اصولوں پر استوار کیا جا رہا ہے۔
