



مانچسٹر(سٹی رپورٹر) مسلمان تنظیموں کو متحد کرنے کے لئے فورم آف مسلم آرگنائزیشن (FOMO) قائم، فورم کا اعلان برٹش مسلم ہیرڑج سنٹر میں افتتاحی تقریب کے دوران کیا گیا۔ اس تقریب میں 40 سے زائد مسلم تنظیموں کے رہنمائوں نے شرکت کی۔ افتتاحی اجلاس میں بتایا گیا کہ جلد ایگزیکٹو بورڈ تشکیل دیا جائے گا اور اگلے مرحلے میں جمہوری عمل کے ذریعے باقاعدہ انتخابات سے تنظیم کا ڈھانچہ مکمل ہوگا۔
افتتاحی تقریب سے جن اہم شخصیات نے خطاب کیا، ان میں چیڈل مسجد کے ٹرسٹی ناصر ملک، خالد انیس، صادق حامد، جہانگیر ملک،ناصر حافظی، ایہاب الشرید، ناصر محمود اور دانیا ابوالحاج شامل تھیں۔ اس موقع پر گریٹر مانچسٹر سے بڑی تعداد میں کمیونٹی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔فومو کے بانی خالد انیس نے بتایا کہ ان کا تعلق پاکستان سے ہے اور وہ پیشے کے اعتبار سے این ایچ ایس میں ڈینٹسٹ ہیں۔ وہ متعدد تنظیموں کے ساتھ وابستہ ہیں اور لاہور یونیورسٹی میں پروفیسر آف ٹرانسفارمیشنل ہیلتھ بھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ خاص طور پر مانچسٹر میں مسلم تنظیمیں بہترین کام کر رہی ہیں۔ اگر یہ تنظیمیں ایک دوسرے کے ساتھ نیٹ ورکنگ اور مشترکہ کام کریں تو زیادہ فائدہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ اگر مہاجرین کے لیے کام کرنے والی تنظیمیں مل کر حکمتِ عملی بنائیں تو نتائج بہتر ہوں گے۔فورم کی رکنیت فی الحال تنظیموں کو دی جائے گئ اور انھیں متحد کیا جائے گا۔چاہے وہ پاکستانی، بنگلادیشی یا کسی بھی پس منظر سے تعلق رکھتی ہوں۔ یہ فورم ایک وسیع پلیٹ فارم ہے جس میں مساجد اور مسلم تنظیمیں دونوں شامل ہو گی۔انہوں نے بتایا کہ گورننس، غزہ اور کمیونٹی کی ضروریات تین اہم موضوعات ہیں۔ مستقبل کا ایجنڈا مسلمان تنظیموں کی مشاورت سے طے ہوگا۔ یہ فیصلہ بھی بعد میں کیا جائے گا کہ فورم کو رجسٹرڈ چیریٹی بنایا جائے یا نہیں۔پاکستانی کمیونٹی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ فورم میں مختلف پس منظر والی کمیونٹی کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ اس کے بنیادی مقاصد میں نیٹ ورکنگ، تربیتی پروگرام،باہمی تبادلہ، نوجوانوں کی قیادت کو فروغ دینا، سرکاری پالیسی پر اثرانداز ہونا شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان قیادت کو موقع دینا وقت کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں بہتر رہنمائی ممکن ہو سکے۔ فورم کی سرگرمیاں صرف گریٹر مانچسٹر تک محدود رہیں گی۔ اس سے قبل تقریب کے آغاز میں تین سیشن ہوئے: پہلا گورننس، دوسرا غزہ کے موضوع پر، اور تیسرا افتتاحی سیشن تھا جس میں سوال و جواب کا سلسلہ بھی شامل تھا۔ اس موقع پر فورم کی آئندہ منصوبہ بندی کا تفصیلی روڈمیپ بھی پیش کیا گیا۔
