مانچسٹر(تجمل گرمانی)اووسیز پاکستانی کمشن پنجاب کے وائس چئیرمین بیرسٹر امجد ملک نے کہا ہے کہ تارکین وطن کی جائیدادوں پر ناجائز قبضوں کے خاتمہ کے لئے پنجاب کے 37اضلاع میں خصوصی عدالتوں میں ججوں کی تعیناتی کردی ہے۔تارکین وطن کی جائیدادوں سے قبضے ختم کرنے کے لئے پیرا کا محکمہ قائم کردیا ہے جو ناجائز قابضین سے جائیدادیں واگزار کرائے گا،وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر اوورسیز کمشن نے مال روڈ لاہور میں سہولت مرکز قائم کردیا ہے۔ تارکین وطن کی 26ہزار درخواستیں نمٹادی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے قونصلیٹ جنرل پاکستان مانچسٹر کے دفتر میں میڈیا بریفنگ کے دوران کیا۔تقریب میں قونصل جنرل امتیاز فیروز گوندل، ویلفئیر اتاشی مصباح نورین، سمیت سنئیر صحافیوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ پاکستانی قونصلیٹ کو رجسٹرار کا اختیار دیں گے تاکہ پراپرٹی ٹرانسفر شفاف ہو،اس سے پاور آف اٹارنی میں جعل سازی ختم ہوگی، اوورسیز پاکستانی کمشن کا پورا نظام ہے جسے لینڈ ، پراپرٹی، پولیس سمیت تمام محکموں کی معاونت حاصل ہے ۔الفلاح بلڈنگ مال روڈ لاہور میں سٹیٹ آف سٹیٹ ون ونڈو سہولت مرکز قائم ہوگیا ہے جہاں نادرا، خدمت مرکز، لینڈ اینڈ پراپرٹی سمیت تمام محکموں کے نمائندے موجود ہو گے،ہیرا مرکز بھی موجود ہوگا جو گھروں کا قبضہ واگزار کرائے گا،خصوصی عدالتوں کے علاوہ ڈپٹی کمشنر کے ماتحت کمیٹی بنائی ہے جو عام شہریوں کی جائیدادوں پر قبضوں کی شکایات کا ازالہ کرے گی۔پیرا نے ایک ہزار قبضے واگزار کرائے ہیں،میڈیا تارکین وطن کی مشکلات اجاگرکرے تاکہ انھیں دور کیا جائے، انھوں نے کہا کہ اووسیز کمشن پنجاب کو 35ہزار شکایات موصول ہوئیں جن میں 26ہزار نمٹا دی گئی ہیں۔جائیدادوں کی خرید وفروخت اور ٹرانسفر کے لئے الیکٹرانک نظام وضع کردیا ہے، پاور آف اٹارنی کے غلط استعمال اور جائیداد کی ٹرانسفر کا نظام صاف اور شفاف بنانے کے لئے آئندہ قونصلیٹ دفتر میں سہولت مہیا کی جائے گی، جائیدادوں پر قبضے ختم کرنے کے لئے پنجاب کے 37شہروں میں ججوں کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری ہوگیا ہے، خصوصی عدالتیں تین ماہ میں مقدمات کا فیصلہ کریں گے اور ہائیکورٹ میں بھی اپیلوں کی سماعت کا عمل تئز کردیا ہے۔مقدمات کی سماعت کے دوران پاکستان ہائی کمشن اور قونصل خانوں میں اوورسیز اپنےبیان ریکارڈ کراسکیں گے، قونصل جنرل کو رجسٹرار کے اختیارات دئیے جائیں گے۔برطانیہ میں موجود کشمیری کمیونٹی کی جائیدادوں پر قبضوں کی سماعت اسلام آبادمیں موجود وفاقی عدالت کرے گی تاہم امید ہے کہ آزاد کشمیر حکومت بھی پنجاب کی طرح جلد اوورسیز کمشن قائم کرے گی۔میڈیا کو پاکستان کا مثبت تاثر اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان سیروسیاحت، علاج معالجے،سرمایہ کاری کے حوالے سے مثالی ملک ہے، ہمیں پاکستان سے محبت اور امیج بہتر بنانا چاہئے،ہم تارکین وطن کی تمام شکایات دور کریں گے، بیرسٹر امجد ملک نے مختلف سوالوں پر کہا کہ پارلیمنٹ میں تارکین وطن کی نمائندگی کے لئے الگ نشتیں مختص کریں گے، اوورسیز بنک قائم کیا جائے گا۔بیرون ملک پاکستان کے قومی تہواروں کو جوش وخروش سے منانا چاہئے۔یوکے کے تارکین وطن کو سب سے زیادہ فوقیت دے رہے ہیں۔ہوائی اڈوں پر مسافروں کی آف لوڈنگ گھمبیر مسئلہ ہے جس کی بنیادی وجہ جعلی ویزوں کا تدارک کرنا اور انسانی سمگلنگ کو روکنا ہے۔مستقبل میں ملک سے باہر جانے والوں کو فنی تربیت دی جارہی ہے،لینڈ ٹرانسفر کی آن لائن سہولت لندن سے شروع کردی ہے۔پاکستان میں بے نامی پراپرٹی کا الگ محکمہ بنا دیا گیا ہے۔انھوں نے کہا کہ پاکستانی دوہری شہریت رکھ سکتے ہیں،ترکی اور پرتگال کے ساتھ بھی دوہری شہریت کے حوالے سے مذاکرات جاری ہیں۔قونصل جنرل امتیاز فیروز گوندل نے آخر میں شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی خدمت کے لئے انتھک کوششیں جاری ہیں،بریفنگ کا مقصد اووسیز کمشن کے خدمات سے آگاہ کرنا تھا تاکہ زیادہ سے زیادہ اوورسیز ان سے استفادہ کریں۔اس موقع پر شرکا کے لئے عشائیہ کا انتظام بھی کیا گیا۔
