





مانچسٹر(تجمل گرمانی) ممبر پارلیمنٹ افضل خان نے کہا ہے کہ برطانوی سیاست میں برٹش پاکستانی اہم کردارادا کررہے ہیں۔برطانیہ میں پاکستانی نژاد 15 اراکینِ پارلیمنٹ، 700 کونسلر،لندن کے پاکستانی نژاد لارڈ مئیر تین مرتبہ منتخب ہو چکے ہیں، جبکہ اسکاٹ لینڈ کے سابق فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف کا تعلق بھی پاکستانی خاندان سے ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے برٹش پاکستان فائونڈیشن کے زیرِ اہتمام برٹش مسلم ہیرٹج سنٹر میں “کمیونٹی ٹاؤن ہال” کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں کاروباری شخصیات، سیاست دانوں، سماجی کارکنوں، خواتین اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ میزبانی بی پی ایف کے بانی اور ٹرسٹی آصف رنگون والا نے کی جبکہ اہم مقررین میں رکنِ پارلیمنٹ افضل خان، انیل مسرت، ڈاکٹر شاہد لطیف، ڈاکٹر امجد لطیف، فاریہ علی، خالد انیس، عطیہ چودھری، فائزہ گرمانی اور دیگر شامل تھے۔بی پی ایف کی جانب سے ڈاکٹر نورالہدیٰ، روما اعجاز اور ڈاکٹر نادیہ حسن کی خدمات پر انھیں تحائف بھی تقسیم کئےگئے۔ رکنِ پارلیمنٹ افضل خان نے شرکاء اور منتظمین کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ مانچسٹر برطانیہ کا طاقتور شہر ہے جہاں پاکستانی کمیونٹی سب سے بڑی اقلیتی برادری ہےاور وہ شہر اور ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی سیاست، صحت، کاروبار اور دیگر شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ برطانیہ میں پاکستانی نژاد 15 ارکان پارلیمنٹ، 700 کونسلراور لندن کے پاکستانی نژاد لارڈ میئر تین مرتبہ منتخب ہو چکے ہیں، جبکہ اسکاٹ لینڈ کے سابق فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف کا تعلق بھی پاکستانی خاندان سے ہے۔پاکستانی ڈاکٹر اور نرسیں این ایچ ایس میں ریڑھ کی ہڈی ہیں پاکستانی سیاست، صحت اور کاروبار سمیت ہر شعبے میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ برٹش پاکستان فائونڈیشن کی چیئرپرسن فاریہ علی نے خطاب میں کہا کہ پاکستانی مختلف شعبوں میں اہم خدمات انجام دے رہے ہیں، لیکن اس کے باوجود انہیں امتیازی سلوک اور مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی نفرت اور انتہاپسند سیاست سے اقلیتی برادری متاثر ہو رہی ہیں۔تعلیم، صحت اور سماجی مسائل پر سنجیدہ گفتگو اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہےپاکستانیوں کو فخر کی علامت سمجھا جانا چاہیے، نہ کہ شک کی نظر سے دیکھا جائے۔ انہوں نے تعلیم میں پیچھے رہ جانے، صحت کے مسائل اور سماجی ناہمواریوں کے متعلق کہا کہ ان مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔
فاریہ علی نے کہاکہ بی پی ایف 15 سال سے پاکستانیوں کو متحد اور نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کررہی ہے۔فاؤنڈیشن شہریت اور دیگر مسائل میں بھی کمیونٹی کی مدد کر رہی ہے۔فاؤنڈیشن برطانیہ میں موجود 18 لاکھ پاکستانیوں کی آواز بن کر کام کر رہی ہے۔معروف بزنس مین انیل مسرت نے آصف رنگون والا کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ بی پی ایف مضبوط قیادت میں ترقی کر رہی ہے۔ انہوں نے بی پی ایف کے نارتھ ویسٹ میں قیام کا خیر مقدم کیا۔ڈاکٹر امجد لطیف نے کہا کہ برطانیہ میں نسل پرستی ایک بڑا مسئلہ ہے، لیکن ہمیں منظم ہو کر اس ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔اختتامی خطاب میں ڈاکٹر شاہد لطیف نے کہا کہ بی پی ایف تعلیم، ثقافت، فنون اور نوجوانوں کی تربیت کے لیے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پلیٹ فارم کمیونٹی میں مثبت تبدیلی لا سکتا ہے۔ آخر میں بی پی ایف کی جانب سے مختلف افراد کو تحائف بھی پیش کیے گئے۔
