ضلع میرپور اور بریڈفورڈ کے درمیان تعلیمی تعاون کی نئی راہیں ہموار۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ضلع میرپور میڈم فرخ اویس کا دورہ بریڈفورڈ۔ خصوصی اجلاس میں شرکت۔ راجہ نجابت حسین کے کردار کو خراجِ تحسین۔
( عارف چودھری بریڈفورڈ)
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زنانہ ضلع میرپور آزاد جموں و کشمیر میڈم فرخ اویس نے برطانیہ کے شہر بریڈفورڈ کا خصوصی دورہ کیا جہاں انہوں نے مقامی سکولوں، کونسل کے تعلیمی و سماجی اداروں اور ضلع میرپور کے تعلیمی و دیگر سرکاری اداروں کے درمیان روابط قائم کرنے اور انہیں مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے منعقدہ ایک اہم اجلاس میں شرکت کی۔ اس اہم اجلاس کی صدارت جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین ستارۂ پاکستان نے کی۔ اجلاس میں بریڈفورڈ کونسل کے پورٹ فولیو ہولڈر برائے تعلیم و دیگر شعبہ جات کونسلر کامران حسین نے شرکت کی اور بریڈفورڈ کونسل میں تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعاون، روابط اور اشتراکِ عمل کے حوالے سے تفصیلی بریفننگ دی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر میڈم فرخ اویس نے ضلع میرپور میں قائم خواتین کے تعلیمی اداروں کے ساتھ برطانوی تعلیمی اداروں کے تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہے اور اس حوالے سے باہمی تعاون، تجربات کے تبادلے اور مشترکہ تعلیمی منصوبوں کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ دیگر سرکاری و سماجی اداروں کے درمیان بھی مستقل اور مضبوط روابط کے قیام اور تسلسل کو یقینی بنانے کی تجویز پیش کی جسے بریڈفورڈ کونسل کی جانب سے بھرپور سراہا گیا۔ میڈم فرخ اویس نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بریڈفورڈ کونسل اور ضلع میرپور کے عوام کو اپنے مشترکہ مسائل کے حل کے لیے باہمی تعاون، مشترکہ کوششوں اور مضبوط شراکت داری کی ضرورت ہے تاکہ دونوں خطوں کے عوام خصوصاً نوجوان نسل بہتر تعلیمی اور سماجی مواقعوں سے مستفید ہو سکے۔ اجلاس میں ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی راہنما غزالہ سعید، ماہر تعلیم عاصمہ یاسمین اور علیمہ چوہدری نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے اپنی آراء کا اظہار کرتے ہوئے میڈم فرخ اویس اور کونسلر کامران حسین کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ شرکاء نے اس موقع پر راجہ نجابت حسین ستارۂ پاکستان کے کردار کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح وہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے برطانیہ، یورپ اور دنیا بھر میں پرامن، مؤثر اور کامیاب لابی مہم چلا رہے ہیں اسی طرح انہوں نے ماضی میں بھی ضلع میرپور اور برطانیہ کے شہر بریڈفورڈ سمیت دیگر شہروں کے درمیان روابط کے قیام میں عملی اور نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ شرکاء نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی راجہ نجابت حسین کی سرپرستی میں آزاد جموں و کشمیر سے آنے والے مختلف اداروں کے سربراہان اور افسران کے دورہ برطانیہ کے دوران بریڈفورڈ، برمنگھم، مانچسٹر، لندن، لوٹن، اولڈھم، شیفیلڈ، سٹوک آن ٹرینٹ، ناٹنگھم اور دیگر شہروں کی کونسلوں اور اداروں کے ساتھ روابط مزید مضبوط ہوں گے اور اس کے ساتھ ساتھ میونسپل کارپوریشن میرپور اور ڈسٹرکٹ کونسل میرپور کے ساتھ تعلقات کو بھی مستحکم اور فعال بنانے کے لیے عملی اقدامات تیز کیے جائیں گے۔ اس موقع پر کونسلر کامران حسین نے بریڈفورڈ کونسل کی جانب سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زنانہ ضلع میرپور میڈم فرخ اویس کو ان کی تعلیمی خدمات کے اعتراف میں خصوصی سرٹیفیکیٹ پیش کیا۔ جبکہ راجہ نجابت حسین ستارۂ پاکستان نے جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کی جانب سے میڈم فرخ اویس کو تعلیمی اصلاحات اور شاندار کارکردگی پر خصوصی شیلڈ بھی پیش کی۔ بعد ازاں میڈم فرخ اویس نے بریڈفورڈ کونسل کی لیڈر سوزن اینچکلف سے بھی خصوصی ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی، تعلیمی تعاون اور مستقبل میں مشترکہ پروگراموں کے انعقاد سے متعلق مختلف تجاویز کا تبادلہ کیا گیا۔ اس ملاقات کے موقع پر برطانوی پارلیمنٹ کے رکن اور آل پارٹیز پارلیمنٹری کشمیر گروپ کے چیئرمین بیرسٹر عمران حسین کے والد اور سابق کونسلر چوہدری الطاف حسین پوٹھی بھی موجود تھے۔ میڈم فرخ اویس کا یہ دورہ اور اجلاس آزاد جموں و کشمیر خصوصاً ضلع میرپور اور برطانیہ کے شہر بریڈفورڈ کے درمیان تعلیمی، سماجی اور ادارہ جاتی تعاون کو ایک نئی سمت دینے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
