

وزیرآباد (نامہ نگار) کرسمس مسیحی برادری کے لیے خوشی، امن، محبت اور بھائی چارے کا پیغام لے کر آتا ہے، یہ دن نہ صرف مسیحی کمیونٹی بلکہ پوری انسانیت کو باہمی احترام، رواداری اور یکجہتی کی یاد دہانی کراتا ہے، پاکستان میں اقلیتیں ہمارے معاشرے کا قابلِ فخر حصہ ہیں اور ان کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہونا قومی ہم آہنگی کی روشن مثال ہے۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی پروفیسر چوہدری بلال فاروق تارڑ نے وزیرآباد میں کرسمس کے موقع پر مسیحی کمیونٹی کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس مسیحی برادری کا ایک مقدس اور بابرکت تہوار ہے، جس پر وہ انہیں دلی مبارک باد پیش کرتے ہیں اور ان کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں کے ساتھ برادرانہ تعلقات قائم رکھے ہیں اور ہر دور میں ان کی عزتِ نفس، مذہبی آزادی اور سماجی وقار کو مقدم جانا ہے، پارٹی نے نہ صرف اقلیتوں کے مسائل کو سنجیدگی سے سنا بلکہ انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے عملی اور مؤثر اقدامات بھی کیے۔ پروفیسر چوہدری بلال فاروق تارڑ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت میاں نواز شریف، میاں شہباز شریف اور محترمہ مریم نواز شریف اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ پر پختہ یقین رکھتی ہے اور انہی کی واضح، مثبت اور بروقت ہدایات کی بدولت حکومتی مشینری کو پابند بنایا گیا کہ اقلیتوں کے آئینی، قانونی اور سماجی حقوق کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جائے اور ان ہدایات پر مؤثر عملدرآمد بھی کروایا گیا۔ انہوں نے موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری کے لیے تعلیمی وظائف، اقلیتی کوٹہ، روزگار کے مواقع، عبادت گاہوں کے تحفظ، فلاحی فنڈز، صحت اور سماجی بہبود کے منصوبوں میں شمولیت جیسے اقدامات اس امر کا واضح ثبوت ہیں کہ موجودہ حکومت مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ، مخلص اور عملی اقدامات کر رہی ہے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آئندہ بھی مسیحی برادری کے مسائل کے حل، ان کے حقوق کے تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار پوری دیانت داری اور خلوص کے ساتھ ادا کرتی رہے
