
رپورٹ:صابرہ ناہید: مانچسٹر:
اردو گلوبل ویمن ونگ کی جانب سے 11 جنوری 2026 بروز اتوار ایک شاندار نیو ایئر پارٹی کا اہتمام کیا گیا، جس میں خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام کی مہمانِ خصوصی اپواء مانچسٹر کی چیئرپرسن بیگم نوشین امتیاز گوندل (مسز قونصل جنرل مانچسٹر امتیاز گوندل) تھیں۔


تقریب میں دیگر معزز مہمانوں میں مسز سامعیہ اویس (کمرشل اتاشی)، معروف کمیونٹی ایکٹوسٹ رضیہ چوہدری، برنیج بڈیز کی بانی سیما شیخ، اردو گلوبل کی ڈائریکٹر نغمانہ کنول شیخ، کونسلر عشاء اور دیگر نمایاں شخصیات شامل تھیں۔
پروگرام کا آغاز ویمن ونگ کی صدر شبانہ اقبال نے خوش اسلوبی سے کیا۔ یو جی آرٹ اینڈ کلچر کی صدر صابرہ ناہید نے تلاوتِ کلامِ پاک پیش کی، جبکہ ویمن ونگ کی سرپرست شبنم مرزا نے حمدِ باری تعالیٰ سنائی۔ اس کے بعد آرٹ اینڈ کلچر کی سینئر نائب صدر مشعل عقیل نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کر کے محفل کو روحانیت سے معطر کیا۔



ادبی نشست میں آرٹ اینڈ کلچر کی نائب صدر فائقہ گل نے نئے سال کی مناسبت سے اپنا کلام پیش کیا، جبکہ اردو گلوبل کی ڈائریکٹر نغمانہ کنول شیخ نے اپنے دلکش کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رضیہ چوہدری نے نئے سال کی مبارکباد پیش کی اور اردو گلوبل کی ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ کونسلر عشاء نے کہا کہ یہ پروگرام ان کے وارڈ میں منعقد ہوا، اور انہوں نے یقین دلایا کہ وہ ہر ممکن سطح پر اردو گلوبل کی معاونت کے لیے تیار رہیں گی۔
یو جی کی نائب صدر تنزیلہ ضیاء اور میڈیا رپورٹر صوفیہ مغل نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر اقصیٰ بانو، ثوبیہ عنبر اور صبا کامران نے یو جی آرٹ اینڈ کلچر میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا۔


مہمانِ خصوصی بیگم نوشین امتیاز گوندل نے اپنے خطاب میں اردو گلوبل ویمن ونگ کو ایک کامیاب اور معیاری پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد دی۔ انہوں نے پروگرام کی بہترین مینجمنٹ کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ تنظیم آئندہ بھی اسی جذبے اور معیار کے ساتھ کمیونٹی کے لیے کام کرتی رہے گی۔
تقریب کے دوران خواتین کے لیے انٹاکشری مقابلہ بھی منعقد کیا گیا، جبکہ عمرہ کی سعادت حاصل کر کے آنے والی خوش نصیب خواتین کے اعزاز میں کیک کاٹا گیا۔ پروگرام کے اختتام پر شرکاء کے لیے پرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔
