لندن، عارف چودھری
پاکستان مسلم لیگ(ق) اوورسیز یوکے جنرل سیکریٹری اور بانی و سرپرست اعلی چوہدری شجاعت حسین لوورز فورم ڈاکٹر شوکت علی شیخ اور مسلم لیگ(ق) آزاد کشمیر کے نامزد صدر محمد شفیق نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی رینکنگ میں بہتری اور ایک سو چھبیسویں نمبر سے اٹھانوے نمبر پر آنا ایک خوش آئند اور قابل تحسین پیشرفت ہے، انہوں نے کہا کہ اوورسیز یوکے کی جانب سے ہم اس اہم کامیابی پر پوری پاکستانی قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں کیونکہ یہ پیشرفت اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے، مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ اس کامیابی میں وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین کی انتھک اور مئوثر کاوشیں بھی شامل ہیں جن پر پاکستان مسلم لیگ(ق) اوورسیز یوکے انہیں بھرپور خراج تحسین پیش کرتی ہے،
انہوں نے امید ظاہر کی کہ وفاقی وزیر برائے اوورسیز چوہدری سالک حسین آئندہ بھی اوورسیز پاکستانیوں کے لیے مزید عملی اور مئوثر اقدامات میں حکومت کی معاونت جاری رکھیں گے اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے، ڈاکٹر شوکت علی شیخ اور محمد شفیق نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر حکومت کی مثبت پالیسیوں کا یہی تسلسل رہا تو مستقبل قریب میں پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی رینکنگ مزید بیس سے تیس درجے بہتر ہوسکتی ہے جو ایک بہت بڑی پیش رفت ہوگی، آخر میں دونوں رہنماوں نے مرکزی صدر چودھری شجاعت حسین کی جلد صحت یابی کے لیے دعاخیر کی اور پاک افواج کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا
