*عالمی سطح پر پاکستانی صحافیوں کے اتحاد کی جانب اہم پیش رفت آن لائن اجلاس میں ایم او یو طے!*

Spread the love

لندن عارف چودھری

میڈیا ہاؤس کے ذرائع کے مطابق Press Club of Pakistan UK اور Pak Media Journalist Forum کے درمیان باہمی تعاون اور پیشہ ورانہ روابط کے فروغ کے لیے ایک اہم *میمورنڈم آف انڈرسٹینڈنگ (MOU)* طے پا گیا ہے۔

یہ پیش رفت ایک اہم آن لائن اجلاس کے دوران سامنے آئی، جس میں دنیا بھر سے پاکستانی اور اوورسیز صحافیوں نے بھرپور شرکت کی۔ معاہدہ چوہدری نورالحسن (چیئرمین، پاک میڈیا جرنلسٹ فورم) اور شیخ اعجاز افضل (چیئرمین، پریس کلب آف پاکستان) کی قیادت میں طے پایا، جبکہ حسن چوہدری اور شکیل قمر سمیت ڈاکٹر عبد الرحمن (صدر، پاک میڈیا جرنلسٹ فورم انٹرنیشنل) اور عاطف تنولی (سیکرٹری انفارمیشن) نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اس اجلاس میں قطر، سعودی عرب، پاکستان، متحدہ عرب امارات اور یورپ سے تعلق رکھنے والے متعدد اوورسیز صحافیوں نے شرکت کی، جس سے اس اقدام کی عالمی اہمیت مزید نمایاں ہو گئی۔

اعلامیے کے مطابق اس ایم او یو کا بنیادی مقصد دنیا بھر میں موجود پاکستانی اور اوورسیز صحافیوں کے درمیان باہمی شناخت، تعاون اور پیشہ ورانہ ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔ معاہدے کے تحت دونوں ادارے ایک دوسرے کو پارٹنر تنظیموں کے طور پر تسلیم کریں گے، ایک دوسرے کی خودمختاری اور کردار کا احترام کریں گے، جبکہ دونوں جانب سے پانچ، پانچ اراکین کو اعزازی ممبرشپ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

مزید برآں، دونوں تنظیموں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ صحافت، میڈیا اور آزادیٔ اظہار سے متعلق معلومات اور تجربات کا تبادلہ کیا جائے گا، مشترکہ طور پر سیمینارز، ورکشاپس اور پریس کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا، اور پاکستانی و اوورسیز صحافیوں کی پیشہ ورانہ تربیت، حقوق کے تحفظ اور اخلاقی صحافت کے فروغ کے لیے مل کر کام کیا جائے گا۔

اجلاس کے دوران اس امر پر خصوصی زور دیا گیا کہ پاکستانی اور اوورسیز صحافیوں کے لیے پاکستان میں پلاٹس کی فراہمی، ریگنیشن کارڈز کے اجرا اور دیگر سہولیات کے حصول کے لیے مشترکہ اور منظم کوششیں ناگزیر ہیں۔

شرکاء نے اس پیش رفت کو ایک مثبت اور بروقت اقدام قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ شراکت داری مستقبل میں مزید مضبوط ہوگی اور عالمی سطح پر پاکستانی اور اوورسیز صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں