ویمن ونگ اور آرٹ اینڈ کلچر کی جانب سے “می ٹائم” کافی مارننگ کا کامیاب آغاز

Spread the love


اردو گلوبل ( صابرہ ناہید )
لانگ سائیٹ میں 3 جون کو اردو گلوبل ویمن ونگ اور آرٹ اینڈ کلچر کے زیرِ اہتمام خواتین کے لیے پہلی کامیاب “کافی مارننگ” کا انعقاد کیا گیا، جسے “می ٹائم” کا نام دیا گیا۔ اس منفرد پروگرام کا مقصد خواتین کو گھریلو مصروفیات اور روزمرہ کی ذمہ داریوں سے کچھ وقت نکال کر اپنی ذہنی و جسمانی صحت پر توجہ دینے کا موقع فراہم کرنا ہے۔


اس تقریب میں خواتین نے نہ صرف ایک دوسرے سے ملاقات کی بلکہ خوشگوار ماحول میں گپ شپ، تبادلۂ خیال اور باہمی روابط کو فروغ دے کر اپنی روزمرہ کی تھکن اور ذہنی دباؤ کو بھی کم کیا۔ شرکاء نے اس موقع کو خواتین کے درمیان باہمی تعاون، دوستی اور ایک دوسرے کے دکھ سکھ بانٹنے کے لیے نہایت مفید قرار دیا۔


اگرچہ اس پروگرام کی باقاعدہ تشہیر نہیں کی گئی تھی، اس کے باوجود خواتین کی قابلِ ذکر تعداد نے شرکت کی اور لانگ سائیٹ میں اس طرح کی مثبت اور تعمیری سرگرمی کے آغاز پر اردو گلوبل ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ اردو گلوبل نیٹ ورک ہمیشہ کمیونٹی کے لیے نئے اور منفرد پروگرام متعارف کرواتا ہے، خواہ وہ اوپن کچن ہو، ویمن ونگ کی سرگرمیاں ہوں یا آرٹ اینڈ کلچر کے منصوبے، تمام شعبے معاشرتی بہتری کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
اردو گلوبل نیٹ ورک نہ صرف ضرورت مند افراد میں کھانے کی تقسیم، مذہبی اور ثقافتی تقریبات کے انعقاد اور تفریحی دوروں کا اہتمام کرتا ہے بلکہ نئی نسل کو پاکستانی تہذیب، ثقافت اور روایات سے روشناس کرانے میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ یہ تمام سرگرمیاں تنظیم اپنی مدد آپ کے تحت انجام دے رہی ہے۔
پروگرام کا آغاز آرٹ اینڈ کلچر کی صدر صابرہ ناہید نے تلاوتِ قرآنِ پاک سے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ مستقبل میں کافی مارننگ کے دوران تجوید القرآن کی کلاسز کا بھی آغاز کیا جائے گا۔ ویمن ونگ کی سرپرست شبنم مرزا نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کر کے محفل کو روحانی رنگ بخشا۔
صدر ویمن ونگ شبانہ اقبال نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ خواتین کی دلچسپی اور تفریح کے لیے ورزش کے ساتھ ساتھ کیرم بورڈ، لڈو، سنوکر اور شطرنج جیسی سرگرمیوں کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دستکاری، نیٹنگ، پینٹنگ اور دیگر تخلیقی ہنر سکھانے کے لیے تربیتی سیشنز بھی منعقد کیے جائیں گے جبکہ واک اور صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینا بھی تنظیم کے اہم مقاصد میں شامل ہے۔
جوائنٹ سیکرٹری ویمن ونگ شائستہ فضل نے اس موقع پر کہا کہ اردو گلوبل مستقبل میں بھی ایسے منفرد اور رنگا رنگ پروگرام متعارف کرواتا رہے گا جن میں صحت سے متعلق آگاہی، فلاحی سرگرمیاں اور کمیونٹی کی ترقی کے دیگر اہم موضوعات شامل ہوں گے۔
“می ٹائم” کے قیام کا منصوبہ کافی عرصے سے زیرِ غور تھا، تاہم بعض ناگزیر وجوہات کے باعث اس کا آغاز تاخیر کا شکار رہا۔ اس منصوبے کو عملی شکل دینے میں ویمن ونگ کی سرپرست شبنم مرزا اور صدر شبانہ اقبال کی خصوصی کاوشیں قابلِ ستائش ہیں۔
می ٹائم ٹیم میں شبنم مرزا، شبانہ اقبال، نائب صدر تنزیلہ ضیاء، جوائنٹ سیکرٹری شائستہ فضل، آرٹ اینڈ کلچر کی صدر صابرہ ناہید اور وائس پریذیڈنٹ مشعل عقیل نے اہم کردار ادا کیا، جن کی محنت اور لگن کے باعث یہ پہلا پروگرام شاندار کامیابی سے ہمکنار ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں