



رپورٹ: صابرہ ناہید چوہدری
مانچسٹر: برطانیہ جیسے کثیرالثقافتی معاشرے میں مختلف کمیونٹیز کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا نہایت اہم سماجی خدمت تصور کیا جاتا ہے۔ اسی جذبے کو فروغ دیتے ہوئے اردو گلوبل، اوپن کچن مانچسٹر، یو جی آرٹ اینڈ کلچر اور یو جی ویمن ونگ کے باہمی اشتراک سے اردو گلوبل اوپن کچن، لانگ سائٹ، مانچسٹر میں ایک شاندار، رنگا رنگ اور کامیاب کمیونٹی فن فیئر کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف قومیتوں، مذاہب اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد اور خاندانوں نے بھرپور شرکت کی۔




تقریب کا باقاعدہ افتتاح مسٹر سجاد نے کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے اردو گلوبل کی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے پروگرام برطانیہ میں کمیونٹی ہم آہنگی، باہمی احترام اور سماجی رابطوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اردو گلوبل نے مختلف کمیونٹیز کو ایک ہی چھت تلے جمع کر کے نہ صرف ثقافتی تنوع کو اجاگر کیا بلکہ خاندانوں، بچوں اور مقامی کاروباری افراد کے لیے ایک مثبت اور خوشگوار ماحول بھی فراہم کیا۔
فن فیئر میں ملبوسات، جیولری، پرفیوم، دستکاری، گھریلو اشیاء، کھانے پینے کی متنوع اشیاء اور دیگر منفرد مصنوعات کے خوبصورت اسٹالز سجائے گئے۔ شرکاء نے خریداری کے ساتھ ساتھ مقامی کاروبار، خواتین کاروباری شخصیات اور چھوٹے تاجروں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی، جو برطانیہ میں کمیونٹی کی معاشی ترقی اور سماجی خودمختاری کے لیے نہایت اہم قدم ہے۔
بچوں اور خاندانوں کی تفریح کے لیے خصوصی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا جن میں باؤنسی کاسل، فیس پینٹنگ، آئس کریم، کھیلوں اور دیگر دلچسپ سرگرمیوں نے بچوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیر دیں۔ پورا دن ایک پُرامن، خوشگوار اور خاندانی ماحول میں گزرا جہاں مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد نے ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزار کر برطانیہ کے خوبصورت کثیرالثقافتی معاشرے کی حقیقی تصویر پیش کی۔
یہ فن فیئر صرف ایک تفریحی تقریب نہیں بلکہ کمیونٹی کو جوڑنے، سماجی تنہائی کے خاتمے، ثقافتی ہم آہنگی کے فروغ، رضاکارانہ خدمات کی حوصلہ افزائی اور مقامی معیشت کو مضبوط بنانے کی ایک کامیاب کوشش ثابت ہوا۔ ایسے پروگرام برطانیہ کے ان قومی اقدار کی عملی عکاسی کرتے ہیں جن میں تنوع (Diversity)، شمولیت (Inclusion)، مساوات (Equality) اور باہمی احترام (Mutual Respect) کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔
منتظمین نے تمام شرکاء، اسٹال ہولڈرز، رضاکاروں، اسپانسرز اور معاون اداروں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ایسے مثبت اور بامقصد پروگرام منعقد کیے جاتے رہیں گے تاکہ مختلف کمیونٹیز کے درمیان محبت، بھائی چارہ، ثقافتی ہم آہنگی اور سماجی تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
اردو گلوبل، اوپن کچن مانچسٹر، یو جی آرٹ اینڈ کلچر اور یو جی ویمن ونگ ایک بار پھر اس بات کو ثابت کرنے میں کامیاب رہے کہ جب کمیونٹی، رضاکار اور مقامی ادارے ایک مشترکہ مقصد کے لیے متحد ہوں تو ایسے پروگرام نہ صرف لوگوں کو قریب لاتے ہیں بلکہ برطانیہ کے مضبوط، ہم آہنگ اور باہم مربوط معاشرے کی تعمیر میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
