حکومت وقت کو چاہئے کہ جو بھی اس میں ملوث ہے ان کے خلاف قانونی کارروائی کرے۔ میاں افتخار حسین
یورپ(چیف اکرام الدین)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق صوبائی وزیر میاں افتخار حسین کا بلیو ٹکڈ ویریفائیڈ فیس بک پیج اور میاں راشدحسین شہید فاؤنڈیشن کا فیس بک پیج ہیک کردیا گیا۔ سوشل میڈیا پر میاں افتخار حسین کے پیج ہیک ہونے کی خبر سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔ فالورز اور عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنوں کا شدید ردعمل پر میاں افتخار حسین نے نیا پیج بنا کر ہیکرز کو پیغام دیا کہ مذموم طریقے سے ان کو عوام سے دور نہیں رکھا جاسکتا ایک گھنٹے میں نئے پیج پر ہزاروں لائکس ملنے پر میاں افتخار حسین نے اطمینان کا اظہار کیا۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز سابق صوبائی وزیر اور عوامی نیشنل پارٹی کے دہشت گردی کے خلاف فرنٹ مین میاں افتخار حسین ہیکرز کے نشانے پر آگئے۔ تین لاکھ سے زائد فالورز اور لاکھوں لائکس کے حامل فیس بک پیج کو نامعلوم ہیکرز نے ہیک کردیا جس پر فوری طور پر میاں افتخار حسین نے سوشل میڈیا پر اپنا پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ مجھے عوام سے دور رکھنے کی خاطرمجھ پر سائبر حملہ کیا گیا ہے۔ مگر میں عوامی نیشنل پارٹی کے نوجوانوں سے اپیل کرتا ہوں کی وہ صبر اور اطمینان کا مظاہرہ کریں۔کوئی شخص مجھ کو عوام سے دور نہیں رکھ سکتا ایسے وقت میں مجھ پر سائبر حملہ کرکے عوام سے دور رکھنے کی کوشش کی گئی جب عوام کورونا جیسی موذی وبا کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آج کے بعد اس پیج سے میرا کوئی تعلق نہیں ہے۔اس کے بعد میاں افتخار حسین نے دوسرا پیج بنا کر عوام سے رابطہ استوار کرنے کی اپیل کی۔