




اردو گلوبل نیوز
مانچسٹر: اولڈہم خزینۂ شعر و ادب اور مصطفائی شریف کے مشترکہ زیرِ اہتمام مانچسٹر میں ایک پُروقار محفلِ میلاد اور نعتیہ مشاعرہ منعقد ہوا، جس میں مانچسٹر اور بریڈفورڈ کے نامور شعراء کرام، معروف نعت خواں، ادبی شخصیات اور عاشقانِ رسول ﷺ نے بھرپور شرکت کی۔
یہ روحانی و ادبی تقریب خزینۂ شعر و ادب کی بانی و صدر محترمہ نغمانہ کنول شیخ کی مکمل صحت یابی پر اللہ تعالیٰ کے حضور اظہارِ تشکر کے طور پر منعقد کی گئی۔ شرکاء نے انہیں دلی مبارکباد پیش کی اور ان کی ادبی، سماجی اور دینی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔


تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا، جس کی سعادت سرور چشتی نے حاصل کی۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض صابرہ ناپید چوہدری، نغمانہ کنول شیخ اور ڈاکٹر فصح نے مشترکہ طور پر نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیے۔



پروگرام کے پہلے حصے کے مہمانانِ خصوصی میں شاہینہ ہارون (سابق میئر بری)، ڈاکٹر نعیم اشرف، اور ڈاکٹر اقبال نعیم شامل تھے۔ مقررین نے اس روح پرور اور ادبی محفل کے انعقاد کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی تقریبات محبتِ رسول ﷺ کے فروغ، اردو ادب کی ترویج، اور کمیونٹی میں اتحاد و یگانگت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
نعتیہ مشاعرے میں مانچسٹر اور بریڈفورڈ کے ممتاز شعراء نے اپنے خوبصورت اور ایمان افروز کلام پیش کیے، جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا اور بھرپور داد سے نوازا۔ محفل کا ہر لمحہ عشقِ رسول ﷺ اور ادبِ اردو کی خوشبو سے معطر رہا۔
اس موقع پر چیئرمین شیخ امتیاز اور جنرل سیکرٹری محمد شہزاد علی مرزا نے تمام معزز مہمانوں، شعراء کرام، نعت خواں حضرات، رضاکاروں اور تنظیم کے ممبران کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، جن کی محنت اور تعاون سے یہ پروگرام کامیابی سے ہمکنار ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ خزینۂ شعر و ادب برطانیہ اور پاکستان دونوں ممالک میں مسلسل ادبی، ثقافتی اور مذہبی محافل کا انعقاد کر رہا ہے، اور اس اعتبار سے یہ برطانیہ کی اُن نمایاں ادبی تنظیموں میں شمار ہوتی ہے جو سب سے زیادہ ادبی و ثقافتی پروگرام منعقد کرتی ہیں۔
پروگرام کے اختتام پر محترمہ نغمانہ کنول شیخ کی مزید صحت، کامیابی اور درازیٔ عمر، مسلم اُمہ کی فلاح و ترقی، اور برطانیہ و پاکستان میں اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔
رپورٹ: صابرہ ناہید چوہدری
