مانچسٹر کے علاقے لانگ سائٹ میں واقع دارالعلوم اسلامیہ میں بسلسلۂ جشنِ عید میلادالنبی ﷺ ایک نہایت پُروقار، روحانی اور ایمان افروز محفلِ میلادالنبی ﷺ کا انعقاد کیا گیا، جس کی نگرانی حاجی قربان حسین نے کی۔






محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت و محبت کے پھول نچھاور کرنے کے لیے نعتیہ کلام پیش کیا گیا۔ محفل میں خصوصی طور پر قصیدۂ بردہ شریف پیش کیا گیا، جس سے محفل کا روحانی ماحول مزید پُرنور ہوگیا اور شرکائے محفل نے انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ سماعت کیا۔
مقررین نے جشنِ میلادالنبی ﷺ کی اہمیت، سیرتِ طیبہ اور حضور اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آپ ﷺ کی مبارک زندگی پوری انسانیت کے لیے محبت، امن، اخوت، رحم اور حسنِ اخلاق کا عظیم ترین نمونہ ہے۔ ہمیں چاہیے کہ میلادِ مصطفیٰ ﷺ کی خوشی کے ساتھ ساتھ آپ ﷺ کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔
محفل میں بڑی تعداد میں عاشقانِ رسول ﷺ نے شرکت کی اور درود و سلام کی صداؤں سے فضا معطر رہی۔ شرکائے محفل نے دارالعلوم اسلامیہ کی انتظامیہ اور حاجی قربان حسین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی روحانی محافل نئی نسل کو سیرتِ مصطفیٰ ﷺ سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
آخر میں ملک و ملت، امتِ مسلمہ اور بالخصوص برطانیہ میں امن و سلامتی، اتحاد و یکجہتی اور خیر و برکت کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ محفل کا اختتام درود و سلام اور بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں ہدیۂ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ہوا۔
