مانچسٹر میں جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کا عظیم الشان سالانہ جلوس

Spread the love


ہزاروں عاشقانِ مصطفیٰ ﷺ کی شرکت، اوپن کچن مانچسٹر کی جانب سے کھانے، مشروبات، نیاز اور ناشتے کا خصوصی اہتمام

مانچسٹر، برطانیہ — 30 اگست 2026

مانچسٹر میں جشنِ عید میلاد النبی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے سلسلے میں سالانہ عظیم الشان جلوس انتہائی عقیدت، محبت اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ نکالا گیا، جس میں مانچسٹر اور گردونواح سے ہزاروں عاشقانِ رسول ﷺ نے شرکت کی۔

جلوس کا آغاز دارالعلوم اسلامیہ لانگ سائٹ سے ہوا اور مختلف راستوں سے ہوتا ہوا مرکزی سنٹرل مسجد، وکٹوریہ پہنچا، جہاں جلوس کے اختتام پر خصوصی پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔

جلوس کے دوران فضائیں درود و سلام، نعتِ رسولِ مقبول ﷺ اور عشقِ مصطفیٰ ﷺ کے نعروں سے گونجتی رہیں۔ شرکاء نے انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ جلوس میں شرکت کی۔

جلوس کے اختتام پر علماء کرام نے خطاب کرتے ہوئے نبی اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی سیرتِ طیبہ، اخلاقِ حسنہ اور تعلیمات پر روشنی ڈالی۔ علماء کرام نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ مبارکہ پوری انسانیت کے لیے محبت، رحم، اخوت، امن، سخاوت اور خدمتِ انسانیت کا عظیم ترین نمونہ ہے۔

جلوس کے شرکاء کے لیے نیاز اور کھانے کا خصوصی اہتمام

جلوس کے مختلف راستوں میں شرکاء کے لیے نیاز، کھانے اور مشروبات کا خصوصی انتظام کیا گیا۔ اہلِ علاقہ اور مختلف سماجی و مذہبی حلقوں نے بھی اس کارِ خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

اوپن کچن مانچسٹر کی جانب سے بھی جلوس کے شرکاء کے لیے خصوصی کھانے اور مشروبات کا اسٹال لگایا گیا، جہاں شرکاء کو مفت کھانا، مشروبات اور تحائف پیش کیے گئے۔

اس کے علاوہ اوپن کچن مانچسٹر میں خصوصی ناشتے کا بھی اہتمام کیا گیا، جہاں رضاکاروں، دوست احباب اور کمیونٹی ممبران نے شرکت کی اور آنے والے افراد کی خدمت کی۔

رضاکاروں اور معاونین کی مثالی خدمات

اس پورے پروگرام کو کامیاب بنانے میں اوپن کچن مانچسٹر کے رضاکاروں اور معاونین نے بھرپور کردار ادا کیا۔

خدمت کے اس کارِ خیر میں حفیظ چوہان، محی الدین چیمہ، راجہ خورشید، سید سجاد شاہ، عبدالرازق، غلام حسین، محمد مقصود، صحبت علی، محمد رافع، کرنل وسیم، حسنین محمد علی، حبیب چوہان، محمد نعیم، محمد عون، عبداللہ، محمد عرفان اور دیگر معاونین و رضاکاروں نے بھرپور حصہ لیا۔

رضاکاروں نے نہ صرف کھانے اور مشروبات کی تقسیم میں خدمات انجام دیں بلکہ شرکاء کی رہنمائی، انتظامات اور دیگر ضروری امور میں بھی اپنا قیمتی وقت صرف کیا۔

عوامی و سماجی حلقوں کی جانب سے خراجِ تحسین

اوپن کچن مانچسٹر کی اس کاوش کو عوامی، سماجی اور کمیونٹی حلقوں کی جانب سے بھرپور سراہا گیا۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ Care for Community جس جذبے اور تسلسل کے ساتھ انسانیت کی خدمت کر رہا ہے، اس کی مثال ملنا مشکل ہے۔ جب بھی ضرورت مندوں کی مدد، عوام کی خدمت یا کمیونٹی کے لیے کوئی فلاحی کام ہو، اوپن کچن مانچسٹر اور اس کے رضاکار صفِ اوّل میں نظر آتے ہیں۔

لوگوں نے کہا کہ رضاکار اپنے قیمتی وقت اور توانائی کو انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کرکے ایک بہترین مثال قائم کر رہے ہیں۔

مانچسٹر میں میلاد کے موقع پر ناشتے کی روایت

یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ناشتے کے اہتمام کا سلسلہ مانچسٹر میں محمد شہزاد علی مرزا نے شروع کیا تھا، جو وقت کے ساتھ ایک خوبصورت اور بامقصد کمیونٹی روایت کی شکل اختیار کر گیا ہے۔

محمد شہزاد علی مرزا اور اوپن کچن مانچسٹر کی ٹیم کا کہنا ہے کہ جشنِ میلاد النبی ﷺ صرف خوشی منانے کا موقع نہیں بلکہ محبت، اخوت، سخاوت، خدمت اور انسانیت سے ہمدردی کے پیغام کو عام کرنے کا بھی موقع ہے۔

مانچسٹر میں منعقد ہونے والے اس عظیم الشان جلوس اور اس کے موقع پر ہونے والی اجتماعی خدمت نے ایک مرتبہ پھر ثابت کیا کہ عشقِ رسول ﷺ کا بہترین اظہار محبت کے ساتھ ساتھ انسانیت کی خدمت بھی ہے۔

رپورٹ: اردو گلوبل نیوز
مانچسٹر، برطانیہ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں