بلال جامع مسجد اولڈہم میں سالانہ بڑی گیارہویں شریف کی عظیم الشان تقریب

Spread the love

اولڈھم عارف چودھری
علامہ صاحبزادہ محمد طاہر بغدادی کی سرپرستی میں محفلِ مبارکہ؛ علمائے کرام، مشائخِ عظام اور معزز شخصیات کی شرکت

برطانیہ کے ممتاز عالمِ دین علامہ صاحبزادہ محمد طاہر بغدادی کی سرپرستی میں بلال جامع مسجد اولڈہم میں 11 اکتوبر 2026، بروز اتوار، بعد نمازِ مغرب تا عشاء، سلطان الاولیاء حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی، حضور غوثِ اعظم، شہنشاہِ بغداد رحمۃ اللہ علیہ کے سالانہ عرسِ مبارک کے سلسلے میں بڑی گیارہویں شریف کی عظیم الشان علمی، دینی و روحانی محفل منعقد ہوئی۔

محفل کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا، جس کی سعادت پاکستان سے تشریف لائے قاری عمر دراز انور خان آف خوشاب نے حاصل کی۔ حافظ و قاری محمد فرحان سیالوی نے نعتِ رسولِ مقبول اور منقبت پیش کی۔

مولانا فیصل یعقوب قادری نے انگریزی زبان میں خطاب کرتے ہوئے حضرت غوثِ اعظم رحمۃ اللہ علیہ کی تعلیمات، صداقت، حصولِ علم اور اشاعتِ علم کی اہمیت بیان کی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل مانچسٹر کے شعبۂ تعلیم کے سربراہ علامہ محمد طیب سلطانی قادری نے قرآن و سنت کی روشنی میں شانِ اولیاء اور تعلیماتِ غوثیہ کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے عصرِ حاضر کے مسائل کے حل پر مدلل خطاب کیا۔ دورانِ خطاب نعرہ ہائے تکبیر و رسالت اور نعرۂ غوثیہ کی صدائیں بلند ہوتی رہیں۔

محفل میں علامہ مفتی محمد اعظم نقشبندی، علامہ قاری سید عبدالشکور قادری، علامہ قاری منظور احمد شاکر، مولانا قاری غلام مصطفیٰ ہزاروی، مولانا حافظ محمد فاروق سیالوی، امام عتیق حسین قادری، مولانا محمد عتیق الرحمٰن قادری نقشبندی، حافظ محمد حسان سیالوی، حافظ محمد انس سیالوی، حافظ غلام فرید اعوان، سید طالب حسین شاہ گیلانی اور صوفی مصباح الدین سیفی سمیت علمائے کرام اور مشائخِ عظام نے شرکت کی۔

دیگر معزز شرکاء میں حاجی محمد اقبال، محمد زبیر، حاجی محمد سلیم، حاجی غلام قادر، محمد یوسف، کونسلر ندیم اقبال اور آل پاکستان شیخ ایسوسی ایشن کے صدر شیخ مختار احمد، سمڑیال، سیالکوٹ، پاکستان شامل تھے۔

علامہ صاحبزادہ محمد طاہر بغدادی کی سرپرستی میں انتظامیہ کمیٹی کے تعاون سے محفل کے لیے بھرپور اور بہترین انتظامات کیے گئے، جنہیں شرکائے محفل نے سراہا۔ انتظامات میں حاجی وسیم اقبال، ساجد حنیف، حاجی عبدالغفور، قاسم مسعود، موسیٰ اقبال، محمد عمیر اور ضیاء محی الدین نے خصوصی خدمات انجام دیں۔

شرکائے محفل اور سوشل میڈیا پر براہِ راست محفل دیکھنے والے ناظرین نے اجتماع کو سراہتے ہوئے ایسی محافل کو نئی نسل کی دینی و اخلاقی تربیت اور تعلیماتِ اولیاء کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔

محفل کا اختتام درود و سلام، ختمِ شریف اور خصوصی دعا پر ہوا۔ اس موقع پر امتِ مسلمہ کی سربلندی، مسلمانوں کی خیرو عافیت، بیماروں کی صحت یابی اور امن و سلامتی کے لیے دعائیں کی گئیں۔ نمازِ عشاء کے بعد شرکائے محفل کی خدمت میں لنگرِ غوثیہ پیش کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں