گریٹر مانچسٹر امیچیور کرکٹ لیگ فرسٹ ڈویژن، لیگ کپ اور ٹی ٹونٹی کی فاتح ٹیم عیدی کرکٹ کلب کے اعزاز میں چیئرمین کرکٹ لیگ و کلب عامر فیض کی جانب سے اولڈہم کے گلاڈوک کرکٹ کلب ہال میں ایک پرتکلف عشائیہ دیا گیا۔

لندن عارف چودھری
گریٹر مانچسٹر امیچیور کرکٹ لیگ کے سیزن 2026ء میں عیدی کرکٹ کلب نے تین ٹرافیاں اپنے نام کر کے ایک انوکھا کارنامہ سر انجام دیا جس سے شائقینِ کرکٹ داد دیے بغیر نہ رہ سکے۔ عیدی کرکٹ کلب کی تینوں ڈویژن میں نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں کے اعزاز میں چیئرمین گریٹر مانچسٹر امیچیور کرکٹ لیگ و چیئرمین عیدی کرکٹ کلب عامر فیض نے اولڈہم میں پرتکلف سالانہ عشائیہ کا اہتمام کیا جس میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو انعامات دیے گئے اور نوجوان نسل کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے اور کھیل جیسی صحت مند سرگرمیوں کا حصہ بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ عشائیہ میں شریک کھلاڑیوں نے کلب کی انتظامیہ کا دلی شکریہ ادا کیا جن کی کاوشوں و محنت سے کرکٹ سیزن کے اختتام پر کامیابیوں کو سمیٹنے کا موقع ملا۔ چیئرمین عامر فیض نے کہا کہ کلب میں ایک خاندان جیسا ماحول ہے، ہم کلب کو دس سالوں سے کامیابی سے چلا رہے ہیں اور اس کامیابی کا سہرا کھلاڑیوں کے سر ہے جنہوں نے سخت محنت سے ٹرافیاں اپنے نام کیں، ہم اس سلسلہ کو مزید بہتر طریقے سے چلانے کے لیے کوشاں رہیں گے۔ رضوان گجر نے کہا کہ ہم نے عامر فیض کے ساتھ مل کر عیدی کرکٹ کلب کی بنیاد رکھی اور دس سالوں کی سخت محنت سے ہمیں مسلسل کامیابیاں مل رہی ہیں جو سب باہمی اتحاد و اتفاق سے ممکن ہوا۔ فرسٹ ڈویژن کے کپتان محسن رزاق، ٹی ٹونٹی کے کپتان راجہ سعید چشتی، راجہ اسد رشید، ہارون، احتشام و دیگر کھلاڑیوں نے کلب انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ہم مستقبل میں مزید کامیابیاں حاصل کرنے کے لیے کوشاں رہیں گے۔آخر میں ووٹنگ کے زریعے اسد رشید کو کپتان سلیکٹ کیا گیا
گریٹر مانچسٹر امیچیور کرکٹ لیگ میں عیدی کرکٹ کلب کی شاندار کارکردگی باہمی اتحاد و اتفاق و سخت محنت کی مرہونِ منت اور قابلِ ستائش ہے اور دوسروں کے لیے قابلِ تقلید ہے
