

لندن( زوہیب ستار کشمیری ) برطانوی رکنِ پارلیمنٹ اور سابق یورپی پارلیمنٹرین ڈاکٹر افضل خان ایم پی سی بی ای کی خصوصی دعوت پر جذبہ نیوز برطانیہ و یورپ کی ٹیم نے برطانوی پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر افضل خان نے صحافت کے میدان میں نمایاں کارکردگی، کمیونٹی کے مسائل اجاگر کرنے اور سماجی خدمات کے اعتراف میں جذبہ نیوز کی ٹیم کے ارکان کو خصوصی اعزازات اور تعریفی اسناد سے نوازا۔




ڈاکٹر افضل خان نے جذبہ نیوز کی صحافتی خدمات کو بھرپور انداز میں سراہتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ کئی برسوں سے جذبہ نیوز کی ٹیم کی کارکردگی کا مشاہدہ کر رہے ہیں اور انہیں خوشی ہے کہ یہ ادارہ ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ اور کمیونٹی کی آواز بلند کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں صحافت کو بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے، جن میں منفی صحافت، جعلی خبروں کا پھیلاؤ اور غیر مصدقہ معلومات جیسے مسائل شامل ہیں۔ ایسے حالات میں جذبہ نیوز جیسے اداروں کی ذمہ دارانہ صحافت اور مثبت کردار قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ جذبہ نیوز مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ عوامی مسائل کو اجاگر کرتا رہے گا۔
اس موقع پر جذبہ نیوز برطانیہ و یورپ کے منیجنگ ڈائریکٹر محمود اصغر چوہدری، بیورو چیف جذبہ نیوز مانچسٹر عامر خان، بیورو چیف جذبہ نیوز بری عامر مقصود، ہیڈ آف آئی ٹی زوہیب ستار کشمیری، کالم نگار ندیم طاہر، انگلش کرسپانڈنٹ شعیب خان گجر ، نیلسن نمائندہ جذبہ نیوز میاں عماد عبداللہ اور ویمن ونگ کی سحر علی سمیت دیگر ٹیم ممبران کو صحافتی و سماجی خدمات کے اعتراف میں خصوصی تعریفی اسناد پیش کی گئیں۔ اس دوران ٹیم کو برطانوی پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ بھی کروایا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جذبہ نیوز برطانیہ و یورپ کے منیجنگ ڈائریکٹر محمود اصغر چوہدری نے ڈاکٹر افضل خان کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی پارلیمنٹ جیسے معتبر ادارے میں جذبہ نیوز کی صحافتی خدمات کو سراہا جانا پوری ٹیم کے لیے نہایت فخر اور اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ جذبہ نیوز ہمیشہ سے برطانیہ میں مقیم مختلف کمیونٹیز کو ایک دوسرے کے قریب لانے، باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینے، مقامی معاشرے میں انضمام اور عوامی مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے نمایاں کردار ادا کرتا رہا ہے۔
محمود اصغر چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ اس نوعیت کے اعزازات صحافیوں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ان میں مزید محنت اور ذمہ داری سے کام کرنے کا جذبہ پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جذبہ نیوز کی ٹیم مستقبل میں بھی مثبت، غیر جانب دار اور ذمہ دارانہ صحافت کے ذریعے کمیونٹی کی خدمت اور عوامی مسائل کو حکام تک پہنچانے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔
