جہلم ریلوے پولیس چوکی کرپشن کا گڑھ،

Spread the love

جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفارآذاد)جہلم ریلوے پولیس چوکی کرپشن کا گڑھ، انچارج سمیت عملے نے لوٹ مار کے لئے لنگوٹ کس لئے، ریلوے پولیس لمبی دیہاڑیاں لگانے میں مصروف، محکمہ ریلوے کے ارباب اختیار کی خاموشی سوالیہ نشان، سبزی منڈی کے دیہاڑی دار ریڑھی بان سراپا احتجاج،ڈی آئی جی ریلوے پولیس سے نوٹس لینے کا مطالبہ،، تفصیلات کے مطابق جہلم ریلوے اسٹیشن پر قائم ریلوے پولیس چوکی میں نئے تعینات ہونے والے اسسٹنٹ سب انسپکٹر نے ماتحت ملازمین کے ہمراہ لاک ڈاؤن کے دوران محنت کش ریڑھی بانوں کی جیبوں کاصفایا کرنے کیلئے لنگوٹ کس لئے، ریلوے پولیس چوکی میں پچھلی کئی دہائیوں سے تعینات ریلوے پولیس ملازمین نے چوکی انچارج کے ہمراہ مال بناؤ، ڈنگ ٹپاؤپالیسی پر عملدرآمد کرتے ہوئے سبز ی منڈی کے غریب دکانداروں، ریڑھی بانوں پر عرصہ حیات تنگ کرتے ہوئے بھتہ وصولی کا گھناؤنا کھیل شروع کررکھا ہے، پولیس اہلکار جتھے کی شکل میں ان پڑھ، غریب ریڑھی بانوں پر دھونس دھاندلی جمانے اور جیبوں کی صفائی کرنے کے لئے سبزی منڈی پہنچ گئے، اور بھتہ وصولی کے لئے ریڑھی بانوں کو طلب کرکے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے درجنوں دکانداروں کو ایک جگہ پر جمع کر لیا، تماشہ دیکھنے والے سبزی فروٹ کے آڑھتی نے ویڈیو بنا نا شروع کر دی جس پر ریلوے پولیس کے ملازمین نے اپنے کرتوت بے نقاب ہونے کے خوف کیوجہ سے آپ کو محفوظ بنانے کیلئے آڑھتی پر حملہ کر دیا ریلوے پولیس کے اہلکاروں نے آڑھتی کی جیب کا صفایا کرنے کے ساتھ ساتھ موبائل فون بھی غائب کر لیا جس میں ریلوے پولیس کے انچارج سمیت اہلکاروں کے کالے کرتوتوں کی فوٹیج موجود تھی،قابل ذکر بات یہ ہے کہ ارشد محمود ولد اشرف محمودنے تھانہ صدر میں درخواست دیتے ہوئے وقوعہ کی بابت تحریر کیا ہے۔3دن گزرجانے کے باوجود تھانہ صدر کے تفتیشی افسر نے ریلوے پولیس کے نامزد ملزمان کے خلاف کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں کہ بلکہ متاثرہ دکانداروں کو صبح و شام کا لالی پاپ دیکر ٹرخایا جا رہا ہے، دوسری جانب ریلوے پولیس نے اپنے گناہوں پر پردہ ڈالنے کیلئے فرضی کارروائی کرتے ہوئے سبزی منڈی سے 3بے گناہ سبزی فروشوں کو اٹھا کر ریلوے اسٹیشن پولیس چوکی سے ملحقہ حوالات میں بند کرکے کارسرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج کرنے کی دھمکیاں دینا شروع کر رکھی ہیں سبزی منڈی کے درجنوں ریڑھی بانوں نے اس حوالے سے اخبار نویسوں کے ساتھ خصوصی گفتگو کے دوران بتایا کہ ریلوے پولیس کے اہلکار غریب دیہاڑی دار وں سے بھتہ وصول کرتے ہیں اگر کوئی سبزی فروش منتھلی دینے سے انکار ی کرے تو ریلوے پولیس کے اہلکار گروہ کی شکل میں حملہ آور ہوتے ہیں اور دکانوں پر موجود سامان تک اٹھاکر لے جاتے ہیں سبزی منڈی کے دکانداروں نے اخبار نوسیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے پولیس نے جنگل کا قانون نافذ کر رکھا ہے بھتہ نہ دینے والے دکانداروں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔ریلوے پولیس میں ایسے بھی اہلکارموجود ہیں جو پچھلی کئی دہایوں سے ریلوے اسٹیشن پر قائم پولیس چوکی میں تعینات ہیں اور اب ان کی ریٹائرمنٹ بھی قریب پہنچ چکی ہے، جنہوں نے دکانداروں کے ساتھ راہ ورسم قائم کر رکھی ہے اور انہیں بطور ٹاؤٹ استعمال کر کے لمبی دیہاڑی لگائی جاتی ہیں۔تاجروں نے آئی جی ریلو ے پولیس سمیت ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ ریلوے پولیس چوکی پر تعینات بدعنوان کرپٹ راشی افسران و اہلکار وں کو فوری تبدیل کیا جائے تا کہ محکمہ ریل کے ماتھے پر کلنک کے داغ کا خاتمہ ممکن ہو سکے اور محکمہ ریلوے پولیس چوکی سے کرپشن کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں