جہلم(چوہدری عابد محمود +مرزاکفیل بیگ کیفی)جہلم حکومت پنجاب نے کورونا وائرس کے پیش نظر جہلم سمیت صوبے بھر میں رمضان بچت بازار نہ لگانے کا فیصلہ کر لیا،وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں رمضان پیکیج کے تحت عوام کوریلیف دینے کے اقدامات کاجائزہ لیا گیا۔ انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مستحق خاندانوں کو رمضان پیکیج کے تحت مالی امداد دی جائیگی۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ رمضان پیکیج کے تحت مالی امداد کا طریقہ کار اوردیگر امور جلد طے کئے جائیں۔انہوں نے کہاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ریلیف ملنا چاہیے۔ موجودہ صورتحال کے پیش نظر پنجاب حکومت نے رمضان بازار نہ لگانے کا حتمی فیصلہ کیا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے موثر اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ کورونا وبا کے پیش نظر عوام کو حقیقی ریلیف دینے کے لئے متحرک اور فعال طریقے سے کام کرنا ہو گا۔ رمضان المبارک میں مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے۔ عوام کو اشیائے ضروریہ مقررکردہ نرخوں پر فراہم کرنے کیلئے تمام انتظامی اختیارات استعمال کئے جائیں گے۔ اشیائے ضروریہ کے نرخوں میں ناجائز اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاہے کہ پنجاب حکومت کورونا کے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے میں مصروف عمل ڈاکٹروں اوردیگر عملے کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دے گی اورہیلتھ پروفیشنلز کو یہ اضافی تنخواہ اگلے ماہ ملے گی۔ پنجاب حکومت انسداد کورونا مہم کے دوران جاں بحق ملازمین کے لواحقین کوتنہا نہیں چھوڑے گی۔ خدانخواستہ اگر کوئی ملازم کورونا وائرس کی وجہ سے جاں بحق ہوتا ہے تو لواحقین کو شہدا پیکیج کے تحت مالی امداددیں گے۔ انہوں نے کہاکہ لاک ڈاؤن میں توسیع کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر ہر صورت عملدرآمد کرایا جارہا ہے۔ کسی کو حکومتی اقدامات کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ آزمائش کی گھڑی میں ثابت قدم رہتے ہوئے چیلنجز سے نمٹیں گے۔ اجلاس میں ڈاکٹروں، نرسسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کے لئے پی پی ایز (حفاظتی لباس ودیگر ضروری سامان)کی دستیابی اور خریداری سے متعلقہ امور پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں لاک ڈاؤن میں توسیع کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔عثمان بزدارنے مختلف شہروں کے طوفانی دوروں کے دوران جہلم سمیت لاہور،شیخوپورہ اور گردونواح کے شہروں کا فضائی دورہ بھی کیا،لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ مارکیٹوں اور کمرشل سنٹرز کی بندش کا بھی مشاہدہ کیا اور سڑکوں پر ٹریفک کی صورتحال کا بھی جائزہ لیاگیا، مختلف شہرو ں میں پارکوں، سٹیڈیم اور گراؤنڈز کابھی فضائی جائزہ لیا۔ صنعتی علاقوں کا معائنہ بھی کیا۔ وزیراعلیٰ نے لاک ڈاؤن کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فرائض سرانجام دینے والے پولیس،پاک فوج اور رینجرز کے افسران و اہلکاروں کوخراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے لاہور کی بعض سڑکوں پر ٹریفک دیکھ کر تشویش کا اظہارکیا۔ عثمان بزدار نے شہریو ں سے گھروں میں رہنے کی ا پیل کی اور کہاکہ شہری اپنی او ردوسروں کی حفاظت کے لئے بلاضرورت گھروں سے نہ نکلیں۔ ہماری توجہ صرف کورونا سے عوام کو بچانے پر ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوام حکومتی ہدایات پر جتنا عمل کریں گے اتنا محفوظ رہیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ بند رہے گی۔ سماجی و مذہبی اجتماعات پر پابندی عائد رہے گی۔ پنجاب حکومت نے کم رسک والی انڈسٹریز کو کھولنے کا فیصلہ کیاہے، اس سلسلے میں ایس او پیز تیار کر لئے گئے ہیں۔
