لندن ( عارف چودھری) ایل او سی پر جارحیت اور کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ، برطانوی پارلیمنٹ میں ممبران پارلیمنٹ نے برطانوی حکومت کو فوری بین لاقوامی سطح پر اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کر دیا ، برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر پارلیمنٹری گروپ کی چیئرپرسن ایم پی ڈیبی ابراھم اور لیبر فرینڈز آف کشمیر کے چیئرمین ایم پی اینڈریو گووِن نے ایل او سی پر جارحیت اور نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے اور لوگوں کی املاک کو نقصان پہنچانے کے خلاف پارلیمنٹ میں بھرپور سوال اٹھانے کے ساتھ ساتھ برطانوی حکومت، وزیر خارجہ سے مطالبہ کیا کہ وہ بین الاقوامی سطح پر کردار ادا کر کے پاکستان اور بھارت کے درمیان اس کشیدگی کو کم کرنے اور کشمیریوں کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کو روکا جائے ۔ کشمیر پارلیمنٹری گروپ کی چیئرپرسن ایم پی ڈیبی ابراھم نے برطانوی پارلیمنٹ میں کہا کہ کشمیری گذشتہ 7دھائیوں سے مسلسل جبر و طاقت کا شکار ہیں ۔ نا صرف کشمیر کے اندر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں بلکہ ایل او سی پر مسلسل فائرنگ سے نہتے کشمیریوں کوجانی و مالی نقصان اٹھانا پڑھ رہا ہے ۔ گذشتہ دنوں بھی بھاری جارحیت اور گولہ بھاری سے نہتے شہریوں کے گھروں کو تباہ کیا گیا ۔ ایم پی ڈیبی ابراھم نے برطانوی وزراء سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنا کردا ر ادا کرتے ہوئے ایل او سی پر جاری جارحیت کو رکوانے اور کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف وزریوں کو بند کرا کر کشمیریوں کو معمول کی زندگی گزارنے کی راہ ہموار کی جائے ۔ دوسری جانب لیبر پارٹی میں فرینڈز آف کشمیر کے چیئرمین ایم پی اینڈریو گوون نے سیکرٹری آف اسٹیٹ برائے خارجہ و کامن ویلتھ ڈومینک راب کو خط لکھا جس میں ایل او سی پر جارحیت اور گالہ باری سے نہتے شہریوں کا ہونے والے نقصان اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں بارے بات کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ برطانوی حکومت کی جانب سے بھارت اور پاکستان سے رابطہ کر کے حالات کو سازگار بنانے کے لئے اقدامات اٹھائیں ۔ ایل او سی پر جارحیت کے ساتھ ساتھ کشمیر میں انسانی حقوق کی بحالی ہونی چاہئے ۔ برطانوی حکومت کا اپنا اہم کردار ادا کر کے کشمیر کی اس سنگین سورتحال کو ختم کرائے ۔ دونوں ممبران پارلیمنٹ کے اس اہم اقدام پربرطانیہ میں مقیم کشمیری کمیونٹی میں بھرپور خیر مقدم کیا گیا۔ اس موقع پرجموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل نے ایم پی ڈیبی ابراھم اور ایم پی اینڈریو گوون کی اس کوشش پر بھرپور خراج تحسین پیش کیا ۔ اس موقع پر تحریک حق خود ارادیت کے چیئرمین راجہ نجابت حسین ،برطانیہ کی چیئرپرسن کونسلر یاسمین ڈار ، سیکرٹری جنرل محمد اعظم ، سرپرست اعلیٰ سردار عبدا لرحمن خان ،ہیری بوٹا ، امجد حسین مغل ، راجہ غضنفر خالق ، آسیہ حسین ، کونسلر صبیحہ خان ، ذیشان عارف ، شاہدہ جرال اور دیگر نے دونوں ممبران پارلیمنٹ کے اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان کی اس کوشش پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر دوست ممبران پارلیمنٹ نے ہر موقع پر اپنا بہترین کردار ادا کیا اور کشمیریوں کے حق میں پر سطح پر اپنا مثالی کردار ادا کیا ۔ ایل او سی پر جارحیت اور نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے کے خلاف برٹش پارلیمنٹ میں آواز اٹھانے پرپوری کشمیری قوم ایم پی ڈیبی ابراھم اور ایم پی اینڈریو گوون کا شکریہ ادا کرتی ہے ۔ برطانوی حکومت اگر اپنا مؤثر کردار ادا کرے تو کشمیر کے مسئلہ کو حل کرنے میں اہم پیش رفت ہو سکتی ہے
