گلگت (پ ر) AC / ایڈ منسٹریٹر میونسپل کارپوریشن گلگت کیپٹن (ر) اریب احمد مختار کا بڑا جرمانہ،، مضر صحت پانی،باسی و ناقص کھانے کھلانے اور کچن میں ناقص صفائی پر الشفا گرلز ہاسٹل انتظامیہ پر 60 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔ تفصیلات کے مطابق والدین کی شکایت پر میونسپل فوڈ انسپکٹر راشد قاسمی نے جمعہ کے روز سیکٹر مجسٹریٹ عالم حسین اور میونسپل پولیس جوانوں کے ہمراہ جوٹیال ڈیفنس کالونی میں واقع الشفا گرلز ہاسٹل پر اچانک چھاپہ مارا، چھاپہ مار کاروائی کے دوران ہاسٹل کے کچن کا معاینہ کیا جہاں پر فریج میں پڑے خراب پانی، باسی، مضر صحت کھانے اور ناقص صفائی پر بمعہ تصویری ثبوت اور تحریری مراسلے کیساتھ AC / SDM و ایڈ منسٹریٹر میونسپل کارپوریشن گلگت کیپٹن (ر) اریب احمد مختار کے عدالت میں پیش کردیے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے فوڈ انسپکٹر اور سیکٹر مجسٹریٹ کے جانب سے پیش کئے گئے تصویری ثبوت اور تحریری مراسلے پر کاروائی کرتے ہوئے الشفاء گرلز ہاسٹل انتظامیہ سے وضاحت طلب کی جس پر وہ اپنی صفائی دینے میں ناکام رہے۔ اوپن ٹرائل کے دوران جرم ثابت ہونے پر پیور فوڈ ایکٹ 2011 کے تحت الشفاء گرلز ہاسٹل کے انتظامیہ پر 60 ہزار روپے جرمانہ کرتے ہوئے وارننگ دی کہ وہ آئندہ اپنے ہاسٹل کی انتظامی صورتحال بہتر کریں، کھانے پینے کی اشیائے حفظان صحت کے عین اصولوں کے تحت فراہمی یقینی بنائیں بصورت دیگر ہاسٹل کو بند کردیاجائے گا۔ واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر گلگت کیپٹن (ر)اسامہ مجید چیمہ کے قیادت میں اسسٹنٹ کمشنر اور اسکی چھاپہ مار ٹیمیں روزانہ کے بنیادوں پر گرانفروشی روکنے، غیر معیاری اشیائے خوردہ نوش کے خلاف کاروائی،ہوٹلوں میں صفائی یقینی بنانے اور زائد منافع خوری کے خلاف کاروائیوں میں مصروف عمل ہیں۔ آج کے روز کی کاروائی اس سلسلے کی کڑی ہے۔
