گلگت (پ ر) گلگت کے LPG گھریلو صارفین کیلئے خوشخبری، چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی کیپٹن (ر) اریب احمد مختار نے ایل پی جی کے قیمتوں میں 180 سے700 روپے تک کمی کرکے نوٹیفیکیشن جاری کردیا۔ چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی گلگت کیپٹن (ر) اریب احمد مختار نے کہا کہ ایل پی جی مائع گیس کے نرخوں میں کمی کیلئے LPG ڈسٹری بیوٹرز اور ایجنسیز کا تعاون مثالی ہے سردیوں میں مائع گیسوں کے قیمتوں میں کمی گھریلو صارفین کے مشکلات میں کمی لائے گی۔ ضلعی انتظامیہ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز اور ایجنسیزکے تعاون سے قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام کو منتقل کرتی رہے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کے روز گلگت سب ڈویژن کیلئے ایل پی جی مائع گیسوں کے قیمتوں میں 180 روپے سے700 روپوں تک کے کمی کے بعد نیا نرخنامہ جاری کرتے ہوئے میڈیا کیلئے جاری بیان میں کیا۔ انکا کہنا تھا کہ ایل پی جی گھریلو اور کمرشل سلنڈروں کے قیمتوں میں کمی سردیوں میں عوام کیلئے ایک نعمت سے کم نہیں ہے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان LPG ڈسٹری بیوٹرز اور گیٹکو کمپنی کے جانب سے 180 روپوں سے 700روپے تک کمی اچھا اقدام ہے نئے نرخنامے مطابق 11.8 کلو گرا م گھریلو سلنڈر اب گیٹکو 2900 جبکہ دیگر کمپنیاں 3140 روپے فروخت کریں گے 15 کلو گرام سلنڈر گیٹکو 3680 دیگر کمپنیاں 3940 روپے، 35 کلو گرام دیگر کمپنیاں 9190 روپے،45.4 کلو گرام کمرشل سلنڈر گیٹکو 11160 روپے جبکہ دیگر کمپنیاں 11930 فروخت کرنے کے پابند ہونگے۔ واضح رہے کہ 11.8 کلو گرا م سے لیکر 45.4 کلو گرام تک گیٹکو کمپنی نے 200 سے 600 روپے تک کمی کی منظوری دی ہے جبکہ دیگر کمپنیوں نے 180 سے 700 روپوں کی کمی کردی ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ مزکورہ نرخنامہ پر عملدرآمد نہ کرنے والے ڈسٹری بیوٹرز،ڈیلرز اور ایجنسیوں کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ بعد ازاں جمعہ کے روز گلگت بلتستان ایل پی جی ڈسٹریبوٹرز کا نمائندہ وفد نے صدر حاجی فریداللہ کے قیادت میں چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی گلگت کیپٹن (ر) اریب احمد سے ملاقات کے موقع پر ایل پی جی سے منسلک تاجروں کودرپیش مسائل سے آگا ہ کیا تھا۔ جس پر اسسٹنٹ کمشنر نے حل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، یاد رہے قیمتوں میں کمی کرانے میں اسسٹنٹ سیکریٹری پرائس کنٹرول کمیٹی سیف الملوک نے اہم کردار ادا کیا ہے
