(مانچسٹر برطانیہ) مسئلہ کشمیرکو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے کے لئے کشمیر دوست پارلیمانی اُمیدواروں کا برطانوی پارلیمنٹ کے لئے منتخب ہونا وقت کی ضرورت ہے۔ لیبر فرینڈز آف کشمیر کے عہدیداروں، آل پارٹیز پارلیمنٹری کشمیر گروپ اور آل پارٹیز پاکستان پارلیمنٹری گروپ کے تمام عہدیداروں کوووٹ دے کر پاکستانی اور کشمیر ی اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ برطانیہ کے عام انتخابات میں لیبر پارٹی کے اُمیدواروں کامیاب کرنے آنے والی لیبر حکومت میں اپنی حیثیت کو منوائیں تاکہ پاکستان، کشمیر، فلسطین اور برطانیہ کے اندر نئی نسل کے مسائل کے حوالہ سے مسلمانوں کی بھرپور نمائندگی ہو سکے اور ایسے نمائندوں کو انتخاب کیا جا سکے جو ریاست جموں کشمیر کی تحریک آزادی میں معاون رہے ہیں اور مستقبل میں معاونت کی یقین دہانی کروا رہے ہیں۔ ان خیالا ت کا اظہار جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے زیر اہتمام کشمیر کانفرنس اور لیبر فرینڈز آف کشمیر کے پارلیمانی اُمیدواروں ڈیبی ابراھمز، اینڈریو گوئن، افضل خان، بیرسٹر یاسمین قریشی، کونو رینڈ اور دیگر کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، تحریک کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین ستارہ پاکستان، انٹرنیشنل لابی آن کشمیر کی چیئر پرسن کونسلر یاسمین ڈار، کونسلر نائلہ شریف، سردار عبدالرحمان خان، بیرسٹر شہزادہ حیات، انصب رضوان، نوید دین،چوہدری مسترت علی اور دیگر کشمیری اور پاکستانی راہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر لیبر پارٹی کے پانچوں پارلیمانی اُمیدواروں نے اپنی جانب سے ریاست جموں و کشمیر کی آزادی اور فلسطینی عوام کے حقوق کے لئے جدو جہد کرنے کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وہ ماضی میں بھی ان دونوں مسئلوں پر کشمیریوں اور پاکستانیوں کی نمائندگی کرتے رہے ہیں اور آئندہ میں بھی آنے والی پارلیمنٹ اور آنے والی لیبر گورنمنٹ میں بھی اپنا بھرپور کردار اد ا کریں گے۔ اس موقع پر چوہدری محمد سرور خصوصی طور پر لیبر پارٹی کے پارلیمانی اُمیدواروں کی حمایت کے لئے نارتھ آف انگلینڈ تشریف لائے تھے۔کشمیریوں خصوصا مقبوضہ کشمیر کے عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے مذمل ایوب ٹھاکر نے مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین تفصیلی صورت حال پر بریفنگ دیتے ہوئے کشمیریوں سے اپیل کی کہ جو کچھ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کر رہا ہے اس کا تقاضہ ہے کہ برطانیہ میں بسنے والے دس لاکھ سے زائد ریاست جموں وکشمیر کے باشندے کشمیری قوم کے سفیر کی حیثیت سے اپنا عملی کردار ادا کریں۔ انتخابات ہوں یا عام حالات ہوں بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ڈھائے جانے والے مظالم کو اپنے تمام ممبران پارلیمنٹ، سیاسی پارٹیوں، سیاسی نمائندوں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور انسانی کے نمائندوں تک مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز پہنچائیں اس لئے کہ مقبوضہ کشمیر کے اندر سے برطانیہ میں بہت کم لوگ ہیں مگر آزادجموں وکشمیر اور پاکستان کے لوگ بڑی تعداد میں یہاں موجود ہیں اور اگر یہ سب لوگ حقیقی طور پر مقبوضہ کشمیر کے عوام کا کیس ہر ایوان، پارلیمان، ہر انسان اور ہر بین الا قوامی فورم تک پہنچائیں توکوئی وجہ نہیں کہ عالمی برادری بھارت کو اس بات پر مجبور نہ کر سکے کہ وہ ریاست جموں وکشمیر کے عوام کو ان کے حقوق دے اوران حقوق کے حصول تک مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنی تحریک آزادی کی جدو جہد جاری رکھیں گے اسی طرح میں یہ توقع کرتا ہوں کہ برطانیہ میں بسنے والے کشمیری اور کشمیر تنظیمیں اپنا فعال کردار ادا کرتی رہیں گی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چوہدری محمد سرور نے کہا کہ وہ 1997میں پہلے پاکستانی و مسلمان برطانوی ممبر پارلیمنٹ منتخب ہوئے تھے اور مختلف جگہوں پر مختلف عہدوں پر فائز رہے اور اسی طرح لیبر پارٹی نے جہاں مسلمانوں کو بھرپور نمائندگی دے کے اپنا حق ادا کیا وہاں وہ اقلیتوں کے مسائل کے حوالہ سے اقلیتی کمیونٹی کے حوالہ سے ایک واضع پروگرام رکھتی ہے اس لئے میں اپنی کمیونٹی سے خصوصی طور پر یہ اپیل کرنا چاہوں گا کہ وہ خصوصی طور پر لیبر پارٹی کے امیدواروں کو برطانیہ کے عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب کریں تا کہ آنے والی لیبر حکومت میں یہ ممبران برطانوی پارلیمنٹ منتخب ہو کر یہ لوگ وزیر بن کر یہ لوگ آپ کے حقیقی نمائندے بن کر مقبوضہ کشمیر کے عوام، فلسطین کے عوام اور یہاں برطانیہ میں جو مقامی مسائل ہیں اور اسی طرح پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں مضبوط تعلقات استوار کرنے کے لئے یہ منتخب شدہ ممبران پارلیمنٹ اپنا بھرپور کردار ادا کر یں گے اور برطانیہ اور پاکستان کے تعلقات کو مذید مضبوط اور فعال کریں گے۔ اس موقع پر چوہدری محمد سرور نے تفصیل سے لیبر پارٹی کے مختلف کاموں اور کارناموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہاں پر موجود لیبر پارٹی کے پانچوں امیدواروں کے علاوہ یہاں جو کشمیری تنظیموں کے نمائندے موجودہیں خصوصا راجہ نجابت حسین اور ان کی ٹیم نے ہمیشہ برطانیہ اور بین الاقوامی سطح پر خصوصا آزادجموں وکشمیر، پاکستان اور برطانیہ بھر میں کشمیر کے حوالہ سے اپنی بھرپور لابی مہم کو کامیابی کے ساتھ چلایا ہے اور مختلف پروگرام منعقد کر کے کشمیریوں کا کیس انتہائی متحرک انداز میں لڑ رہے ہیں۔ میں ان سب کو جہاں مبارک باد پیش کرتا ہوں وہیں اس بات کی توقع بھی کرتا ہوں کہ دیگر کشمیری و پاکستانی بھی برطانیہ کے تمام شہروں میں راجہ نجابت حسین اور ان کی پوری ٹیم کے ساتھ تعاون کریں گے تا کہ یہ کشمیری عوام کا کیس برطانوی سیاست دانوں تک موثر انداز میں پیش کر سکیں اور ایک مرتبہ پھر اپنی کمیونٹی سے اپیل کرنا چاہتا ہوں کہ لیبر پارٹی کے تمام اُمیدواروں کو کامیاب کریں کیوں کہ برطانیہ میں اب لیبر پارٹی کی حکومت آنے والی ہے اس لئے حکومتی پارٹی کا ساتھ دینا وقت کی ضرورت ہے۔ اپ سب اپنے اور اپنے بچوں کے مستقبل کی خاطر اپنے حق میں بہتر فیصلہ کریں اور لیبر پارٹی کے تمام امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کر کے برطانوی پارلیمنٹ میں بھیجیں۔ اس موقع پر تقریب میں موجود لیبر پارٹی کے تمام امیدواروں نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر کے عوام کو ان کے بنیادی حقوق اور حق خود ارادیت ملنا چاہیے اور مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے علاوہ جہاں بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں وہ فوری طور پر بند ہونی چاہییں اور ہم منتخب ہو کر برطانیہ میں بسنے والی تمام کمیونٹی کا حق ادا کریں گے اور تمام مسائل پر اپنی آواز بلند کریں گے خصوصی طور پر تحریک آزادی کشمیر کے حوالہ سے جو نکات آج یہاں کشمیریوں نے اور جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے پلیٹ فارم سے بلند ہوئے ہیں اور ہوتے رہتے ہیں ہم سب ان کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور کوشش کریں گے کہ کشمیری راہنما محمد یاسین ملک کی پھانسی کا معاملہ برطانوی پارلیمنٹ میں اُٹھائیں گے اور برطانوی حکومت سے اپیل کریں گے کہ اس سلسلہ میں بھارت پر اپنا دباو بڑھایا جائے اور محمد یاسین ملک کی پھانسی کی سزاکو رکوایا جا سکے اور اسی طرح مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کروائی جائیں اور ہم کشمیریوں کی آواز بنیں گے اور کشمیریوں کی آواز بلند کرتے رہیں گے۔ اس موقع پرجموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین ستارہ پاکستان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور ان کی پوری تنظیم کشمیر کے حوالہ سے گذشتہ چالیس سے لابی کا کام کر رہے ہیں اور برطانیہ کے اس انتخاب میں بہت کم وقت ملا ہے پھر بھی ہم نے اپنے تمام عہدیداروں سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں جا کر ان تمام دوستوں کی سپورٹ کریں جنہوں نے ماضی میں ہمیں کشمیر کے حوالہ سے سپورٹ کیا ہے اور ہم کسی ایک سیاسی جماعت کے ساتھ وابستہ نہیں ہیں ہم کسی ایک سیاسی جماعت کے لئے لابنگ نہیں کر رہے بلکہ ان تمام لوگوں کی لئے جو کشمیریوں کی آواز بلند کرتے رہے ہیں ان کی کامیابی کے لئے کمیونٹی سے اپیل کر رہے ہیں کہ وہ جہاں جہاں کشمیر دوست پارلیمانی امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں انہیں ووٹ دیں تاکہ وہ ایک مرتبہ پھر بھاری اکثریت سے منتخب ہوکر ہماری نمائندگی بھی کر سکیں، مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے عوام کے نمائندگی کر سکیں اور ہمارے مستقبل کے لئے برطانیہ کو انتہائی فعال فلاحی مملکت بنا سکیں۔ تقریب کی صدر سابق لارڈ میئر مانچسٹر کونسلر یاسمین ڈار نے کہا کہ جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے عہدیداروں نے مجھ پر جو ذمہ داری عائد کی ہے میں اسے پورا کروں گی اور میں نے ماضی میں بھی بطور تحریکی چیئرپرسن برطانیہ اپنا بھرپور کردا ر اداکرتی رہی ہوں اورپھر لارڈ میئر مانچسٹر کی حیثیت سے میں نے کمیونٹی کے تمام مکاتب فکر کے ساتھ مل کر کام کیا ہے اور نئی ذمہ داریوں کے لئے میں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے ان تمام ممبران پارلیمنٹ سے بھی حمایت حاصل کروں گی، تمام کشمیری تنظیموں سے بھی رابطے کروں گی، تمام انسانی حقوق کی تنظیموں اور افراد سے رابطے استوار کر وں گی، اقوام متحدہ، او آئی سی، یورپی یونین اور دیگر بین الا قوامی با اثر اداروں میں کشمیریوں کی آواز بلند کروں گی۔ انہوں نے برطانیہ میں بسنے والے کشمیریوں اور پاکستانیوں سے خصوصی طور پر اپیل کی کہ وہ آنے والے انتخابات میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں، ہر حلقے ہر شہر میں موثر طور پر کشمیر دوست پارلیمانی امیدواروں کے لئے لابی کریں تا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے مستقبل میں ہماری معاونت کر سکیں۔ اس تقریب میں جن دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی ان میں آلٹرکمین، سیل کونرچیف ایگزیکٹور جسٹس فاؤنڈیشن (مقبوضہ کشمیر)مزمل ایوب ٹھاکر، بیرسٹر شہزادہ حیات، کونسلر نائلہ شریف، انصب رضوان، راجہ فاروق ریدر سیکرٹری جنرل کشمیر پیس فورم نیدر لینڈ، فادر فلک شیر، عمران خلیل ملک صدر پی ٹی ٓئی یو کے، راجہ آفتاب شریف چیئر مین پاکستان مسلم لیگ (ن) برطانیہ، چوہدری محمد بشیر رٹوی پیٹرن مسلم کانفرنس برطانیہ، سابق لارڈ میئر مانچسٹر کونسلر عابد لطیف چوہان، سابق لارڈ میئر مانچسٹر کونسلر نعیم الحسن، سابق میئر آف بری کونسلر شہینہ ہاروں، سابق ڈپٹی لیڈر مانچسٹر سٹی کونسل لطیف الرحمان، سابق ڈپٹی لیڈر اولڈھم کونسل کونسلر احمد علی، کونسلر وسیم حسن، کونسلر مقدسہ بانو، کونسلر عمران رضوی، تحریک کی گریٹر مانچسٹر کی چیئر پرسن روبینہ خان،تحریک کے یوتھ چیئرمین زیشان عارف، ڈاکٹر محمد یونس پرواز، نغمانہ کنول شیخ، نورین شہزاد، پامیلا اشرف، مشعال عقیل کشمیری، جاوید طارق، تیمور شفیق، محوش جاوید و دیگر دو سو سے زائد کشمیریوں اور پاکستانیوں نے اپنی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا اور راجہ نجابت حسین ارو ان کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا ار لیبر پارٹی کے تمام امیدواوں کو کامیاب کرنے کے لئے کمیونٹی سے ووٹ دینے کی اپیل کی۔
