جامعہ علوم أثریہ جہلم کے 22 ویں سالانہ فری آئی کیمپ کے انتظامات مکمل کر لیے گئے۔

Spread the love

کیمپ کے رضا کار اخلاص اور دینی جذبے کے ساتھ اپنی ڈیوٹی سر انجام دیں۔ حافظ عبدالحمید عامر
جہلم (محمد زاہد خورشید) 20,19 ستمبر بروزجمعرات،جمعہ جامعہ علوم أثریہ جہلم کے زیراہتمام 22ویں سالانہ دو روز ہ فری آئی کیمپ کے انتظامات مکمل کر لیے گئے۔ان خیالات کا اظہار رئیس جامعہ علوم اثریہ جہلم حافظ عبد الحمید عامرنے جامعہ میں منعقدہ ایک اہم مشاورتی اجلاس میں کیا، جس میں اہل حدیث یوتھ فورس،أثریہ سوشل ویلفیئر ونگ اور سٹوڈنٹس فیڈریشن کے جوانوں پر مشتمل 15 سے زائدمختلف کمیٹیاں بنا دی گئیں،جو کیمپ کے ایام میں مریضوں کی خدمت کریں گے۔خواتین مریضوں کیلئے جامعہ اثریہ للبنات میں اجلاس ہوا جس میں معلمات اور طالبات کے علاوہ دیگر خواتین کی ڈیوٹیاں لگائی گئیں۔یاد رہے کہ فری آئی کیمپ میں مستحق مریضوں کی آنکھوں کا علاج اور آپریشن مفت کیے جاتے ہیں۔ دو روزہ کیمپ میں تمام مریضوں کو ادویات، رہائش اور کھانا بلامعاوضہ مہیا کیا جاتا ہے۔ کیمپ میں منتخب مریضوں کا بذریعہ فیکومشین (بغیر ٹانکے کے) آپریشن کیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کیمپ میں دنیا کے بہترین آئی سپیشلسٹ ڈاکٹر مریضوں کا چیک اپ کرتے ہیں اور کیمپ کے ابتدائی طور پر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جس میں جامعہ کے اساتذہ و طلبا کی محنت قابل داد و تحسین ہے۔رضا کاروں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے خدمت خلق کا یہ ایک بہترین موقع ہے، اس میں سب لوگ اپنی ذمہ داریاں بڑے اخلاص اور دینی جذبے کے ساتھ سر انجام دیں۔ مریضوں اور دیگر تشریف لانے والے معزز مہمانوں کے ساتھ اپنا رویہ بڑے عالی اخلاق اور عفو و درگرزری والا رکھیں۔ جامعہ اور جہلم جماعت کا ایک مثبت پیغام لوگوں تک پہنچائیں۔ یاد رہے کہ یہ کیمپ مرکز الملک سلمان للاغاثۃ سعودی عرب کے تعاون سے الابراہیم آئی ہسپتال کراچی کی زیرنگرانی منعقد ہورہا ہے، جس میں تشریف لانے والے مریضوں کے لیے کارڈز کا سلسلہ 19ستمبر بروز جمعرات نماز فجر کے فوراً بعد شروع کر دیا جائے گا، ان شاء اللہ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں